راجستھان رائلز نے فکسنگ کے داغ دھونا شروع کردیے

سب بھلا کر آگے بڑھ رہے ہیں، شائقین کا اعتماد جیتنا ہی سب سے بڑا مقصد ہے،راجھستان رائلز


Sports Desk September 23, 2013
سپر اسٹارز کے نہ ہونے سے نوجوان کرکٹرز بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں، کپتان ڈریوڈ۔ فوٹو: سی ایل ٹی 20/فائل

راجستھان رائلز نے فکسنگ کے داغ دھونا شروع کردیے،کپتان راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ ہم سب کچھ بھلا کر آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

شائقین کا اعتماد جیتنا ہی سب سے بڑا مقصد ہے، ٹیم میں سپر اسٹارز کی عدم موجودگی سے نوجوان کرکٹرز بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ کے فکسنگ اسکینڈل نے سب سے زیادہ نقصان راجستھان رائلز کو پہنچایا جس کے نہ صرف تین کرکٹرز شری شانتھ، انکیت چھاون اور اجیت چنڈیلا کو حراست میں لیا گیا بلکہ اس کے شریک مالک راج کندرا سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ شری شانتھ اور چھاون پر تاحیات کرکٹ کے دروازے بند کیے جاچکے ہیں، اسی ٹیم کے ایک اور پلیئر سدھارتھ تریویدی کو بھی ایک برس کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اس تمام تر صورتحال میں راجستھان رائلز کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچا مگر اس نے اپنی پرفارمنس سے اب فکسنگ کے داغ دھونے کا فیصلہ کیا ہے۔



کپتان راہول ڈریوڈ کا کہنا ہے کہ ہم چیمپئنز لیگ سے قبل جب یہاں پر جمع ہوئے تو ہم نے اسپاٹ فکسنگ تنازع پر بھی بات کی اور یہ فیصلہ کیا کہ جو ہونا تھا ہوچکا اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا، اب ہم اپنے شائقین کو ایک بار پھر اچھے کھیل سے لطف اندوز کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔ یاد رہے کہ راجستھان رائلز نے گذشتہ روز چیمپئنز لیگ کے افتتاحی میچ میں آئی پی ایل چیمپئن ممبئی انڈینز کو 7 وکٹ سے شکست دیدی تھی۔ ڈریوڈ نے اپنی ٹیم کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہدف کے تعاقب میں ہماری سائیڈ نے سکون اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کیا، ہمارے بیٹسمین گھبراہٹ کا شکار نہیں ہوئے بلکہ اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کی۔

اسپنر کو میدان میں نہ اتارنے کے بارے میں ڈریوڈ نے کہا کہ میچ سے قبل بارش کی وجہ سے ہم نے اپنا پلان تبدیل کرتے ہوئے آخری لمحات میں صرف فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان سنبھالنے کا فیصلہ کیا، اسپن آپشن کا ہونا بھی اچھا ہوتا ہے مگر مجھے اشوک میناریا کی صلاحیتوں پر بھی اعتبار تھا، وکرم جیت نے اچھی بولنگ کی جبکہ جمی فالکنر ہمیشہ کی طرح کافی اہم ثابت ہوئے۔ وکرم جیت ملک نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ ڈریوڈ نے مزید کہا کہ میری وکٹ گرنے کے بعد سنجو سیمسن اور اجنکیا راہنے نے کافی میچیور پارٹنر شپ کی، انھوں نے چار انٹرنیشنل بولرز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور پھر شین واٹسن اور اسٹورٹ بنی نے اپنے اسٹائل میں ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچایا۔