ڈائیکوڈاکاملٹی آئی ایس سم پلیٹ فارم متعارف کرانے کا اعلان

بیرون ملک رومنگ سے نجات، صارفین کولوکل سم خریدنی پڑے گی نہ فون نمبر تبدیل ہوگا


Business Reporter September 24, 2013
صارفین کوکم خرچ میں موبائل سروس نظام حاصل ہوجائیگا ۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

ٹیلی کام ٹیکنالوجی فراہم کرنیو الے ادارے ڈائیکوڈا (DICODA) نے ایک سم کے ذریعے مختلف شناختوں پر مشتمل ملٹی آئی ایس سم پلیٹ فارم پاکستان میں متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، اس ٹیکنالوجی کے ذریعے موبائل فون صارفین بیرون ملک سفر کے دوران رومنگ اور لوکل سم کی خریداری کے بغیر اپنی پرانی سم کے ذریعے ہی رابطے میں رہیں گے۔

بیرون ملک سفر کرتے وقت پاکستانی صارفین اپنی پاکستانی سم اپنے ہینڈ سیٹس میں لگائے رکھیں گے اور جونہی دوسرے ملک میں پہنچیں گے انہیں خود کار طریقے سے ایک لوکل نمبر مل جائے گا،آپ کی پاکستانی سم پر کی جانے والی کوئی کال یا کوئی ایس ایم ایس آپ کے پاکستانی موبائل نمبر پر بھیج دیا جائے گا چاہے آپ دنیا میں کسی بھی ملک میں ہوں اور کوئی بھی نمبر استعمال کر رہے ہوں، مزید یہ کہ اگر آپ کی موبائل سم پر برطانیہ کا نمبر ہے تو آپ کے دوست اور اہل خاندان آپ کو اسی نمبر پربرطانیہ سے کال کرسکتے ہیں چاہے آپ پاکستان میں ہی کیوں نہ ہوں اور اس پر لوکل کال چارجز وصول کیے جائیں گے۔



یہی اصول امریکا یا کسی اور ملک جہاں کا نمبر آپ کی سم پر موجود ہے پر لاگو ہو گا یعنی ایک ہی دفعہ میں صارفین کو رومنگ چارجز سے نجات مل جائے گی اور بیرون ملک لوگوں کو آپ سے رابطے کے لیے کم خرچ موبائل سروس نظام حاصل ہو جائے گا اور متعلقہ موبائل فون کمپنی نا صرف ریونیو کمائے گی بلکہ اپنے کلائنٹ کو بھی مطمئن رکھے گی چاہے وہ کلائنٹ پاکستان کے علاوہ کسی بھی ملک میں ہو۔ٹیلی کام کا یہ انقلاب پاکستان میں آرہا ہے جو اس جدید ترین ٹیکنالوجی کے لیے فور فرنٹ ثابت ہوگا اور موبائل فون کمپنیوں اور صارفین کے لیے بہترین فوائد کا باعث بنے گا۔