چیمپئنز لیگ آغا ز پر فکسنگ تنازع کا نیا بم پھٹ پڑا

بکی چندریش شیولال پٹیل نے اپنے اقبال جرم میں سن رائزرز حیدرآبادکے 4 کھلاڑیوں پر کرپشن کا الزام عائد کردیا


Sports Desk September 24, 2013
آئی پی ایل میچ 6 کروڑ روپے میں فکسڈ کیا۔۔پٹیل کا بیان:فوٹو:فائل

چیمپئنز لیگ کے آغاز پر فکسنگ تنازع کا نیا بم پھٹ پڑا، بکی چندریش شیولال پٹیل نے اپنے اقبال جرم میں سن رائزرز حیدرآبادکے 4 کھلاڑیوں پر کرپشن کا الزام عائد کردیا، ان میں سری لنکا کے انٹرنیشنل کرکٹر تشاراپریرا بھی شامل ہیں، ہنوما ویہاری، کرن شرما اور اشیش نہرا رواں چیمپئنز لیگ میں بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، پٹیل کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میچ 6 کروڑ روپے میں فکسڈ کیا۔

تفصیلات کے مطابق ممبئی کے ایک بکی چندریش شیو لال پٹیل نے دعویٰ کیا کہ اس نے سن رائزرز حیدرآباد کے چار پلیئرز تشارا پریرا، ہنوما ویہاری، کرن شرما اور اشیش نہرا کے ساتھ ڈیل پر آئی پی ایل کا ایک میچ 6 کروڑ روپے میں فکسڈکیا، اس نے یہ بات اپنے بیان حلفی میں کہی جو ممبئی پولیس نے عدالت میں پیش کردہ کیس کی چارج شیٹ میں شامل کیا، پٹیل کو دہلی پولیس کے کرائم سیل نے ممبئی میں گرفتار کیا تھا، بکی نے مبینہ طور پر ان چاروں کھلاڑیوں سے دیگر بکیز کے تعاون سے ڈیل کی جس میں ایک پلیئر کا بھائی بھی شریک تھا۔

آئی پی ایل بیٹنگ کیس کی تحقیقات کے دوران کرائم برانچ کے پراپرٹی سیل کے علم میں یہ بات آئی کہ 34 سالہ پٹیل کا تعلق کچھ گرفتار شدہ اور مطلوب ملزمان سے رابطہ ہے جس پر پولیس نے اس کا بھی بیان ریکارڈ کیا۔ پٹیل نے دعویٰ کیا کہ رواں برس مارچ میں احمد آباد کے میرے ایک دوست پراوین ٹھاکر عرف پنٹو نے مجھے جیتو جین سے ملوایا جو قرض دینے کے کام سے منسلک ہے، پنٹو نے پٹیل کی ملاقات اپنے دوست منان سے کرائی ، اس کے بارے میں کہا گیا کہ وہ کرکٹر امیت سنگھ کا بھی دوست ہے، پٹیل کے دوست ونی نے اس کی ملاقات اپنے دوستوں یوسف اور عامر سے کرائی۔



بکی نے کہا کہ مارچ کے آخری ہفتے میں یوسف نے مجھے عامر کا نمبر دیتے ہوئے اس سے بات کرنے کو کہا ، جس نے مجھے ایک آئی پی ایل میچ فکسڈکرنے کیلیے حیدرآباد دکن آنے کی ہدایت دی، میں نے جیتو کو اس بارے میں بتایا، اس نے مجھے پنٹو کے ہمراہ وہاں جاکر ڈیل کرنے کو کہا، میں پنٹو اور یوسف کے ساتھ حیدرآباد پہنچا جہاں پر عامر نے ہمیں بتایا کہ میچ فکسڈ کرنے پر 5 کروڑ روپے خرچ ہوں گے جبکہ ایک کروڑ ان کا کمیشن ہوگا،اس طرح ٹوٹل 6 کروڑ روپے لگیں گے، عامر نے ہمیں کھلاڑیوں سے ملوانے سے قبل 50 لاکھ روپے ایڈوانس لیے،16 اپریل کو جیتو پراوین، یوسف اور میں پونے گئے، وہاں پر مقامی ہوٹل میں عامر کے دوست سنیل نے ہمیں تشارا پریرا، ہنوما ویہاری، کرن شاہ، اشیش ریڈی اور انکے بھائی پریتم ریڈی سے ملوایا۔

پٹیل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میں نے انھیں بتایاکہ ابتدائی 10اوورز میں 60 رنز سے زیادہ نہیں بننے چاہئیں اور پورے میچ میں140سے زیادہ اسکور نہ ہو، یہ میچ سن رائزرز کو ہارنا ہوگا، اشیش کے بھائی پریتم نے مجھے بعد میں فون کرکے بتایا کہ سن رائزرز کی اننگز میں دوسرے اوور میں ایک کھلاڑی کا آؤٹ ہونا پلان پر عملدرآمد کا اشارہ ہوگا، 17 اپریل کو پونے واریئرز سے میچ کے دوسرے اوور میں ایک کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر جیتو نے ابتدائی دس اوورز پر ساڑھے تین کروڑ اور میچ کے نتیجے پر 9 کروڑ جوا کھیلا، دس اوورز پر تو فائدہ ہوا مگر سن رائزرز کے میچ جیتنے پر نیتجہ پر لگائی گئی رقم وہ ہارگیا۔واضح رہے کہ مذکورہ چاروں پلیئرز تشارا پریرا، ہنوما ویہاری، کرن شرما اور اشیش نہرا سن رائزرز کے چیمپئنز لیگ اسکواڈ میں بھی شامل ہیں۔