رینکنگ اسنوکراسجد اقبال اور حمزہ اکبر کی چھٹی ہوگئی

سیمی فائنل میں رسائی کیلیے محمدآصف ٹاپ سیڈ عمران شہزاد سے مقابلہ کریں گے


Sports Desk September 24, 2013
آصف نے دوسری رینکنگ چیمپئن شپ کے فائنل میں اسجد کے ہاتھوں ملنے والی شکست کا حساب بھی چکتا کردیا۔ فوٹو: فائل

تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن اسجد اقبال اور قومی چیمپئن حمزہ اکبر کی چھٹی ہوگئی۔

اس ناکامی کے بعد اسجد کیلیے آنے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی اسکواڈ میں جگہ بنانے کی امید بھی ختم ہوگئی، ایونٹ میں پاکستان کی مزید 2 نشستوں کیلیے اب ٹاپ سیڈ عمران شہزاد، محمد سجاد اور شاہد آفتاب میں کشمکش ہوگی، ورلڈ ایونٹ نومبر میں لٹویا میں شیڈول ہے۔ تفصیلات کے مطابق تیسری قومی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن اسجد اقبال ٹائٹل کی دوڑ سے باہرہوگئے، انھیں ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے دلچسپ مقابلے میں 4-2 سے شکست دی،آصف نے دوسری رینکنگ چیمپئن شپ کے فائنل میں اسجد کے ہاتھوں ملنے والی شکست کا حساب بھی چکتا کردیا، آصف نے مقابلے کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے ابتدائی فریم 92-18 سے جیتا، اسجد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوسرا فریم 73-44 سے اپنے نام کرلیا۔



تیسرے میں آصف نے 69-66 سے کامیابی پائی جبکہ چوتھے فریم میں کانٹے دار مقابلے کے بعد اسجد نے 65-64 سے جیت کو گلے لگایا، اس موقع پر مقابلے 2-2 سے برابر ہوا، پانچویں فریم میں آصف نے 55-47 سے اور پھر چھٹے میں 101 کا بریک کھیلتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، اس فریم کا اسکور(101) 101-01رہا۔ ایونٹ کے اختتام پر جاری ہونے والی رینکنگ میں 2 ٹاپ پوزیشنز پانیوالے پلیئرز ہی آصف کے ہمراہ ورلڈ چیمپئن شپ میں شرکت کیلیے جا سکیں گے، سیمی فائنل میں رسائی کیلیے آصف اب ٹاپ سیڈ عمران شہزاد کا سامنا کریںگے۔

عمران نے ابوصائم کو 4-2 سے پچھاڑ کر اس مرحلے میں جگہ بنائی، دیگر کوارٹر فائنلز میں محمد بلال کا مقابلہ خرم آغا ، محمد سجاد اور عبدالستار جبکہ شاہد آفتاب کا عامر طارق سے ہوگا۔ محمد بلال نے حیران کن پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے محمد ماجد کو 4-1 سے ٹھکانے لگایا، خرم آغا نے محمد جاوید پر 4-0 سے بالادستی ثابت کردی، انھوں نے پہلے فریم میں 121 کا بریک بھی کھیلا، عامر طارق نے نوین پروانی پر 4-0 سے غلبہ حاصل کیا، عبدالستار نے نوجوان اور باصلاحیت حمزہ اکبرکو 4-0 سے مات دی، محمد سجاد نے سخت جدوجہد کے بعد شاہد آفتاب کیخلاف 4-3 سے کامیابی حاصل کی۔