صدر ٹرمپ کا مودی کی انگریزی پر تبصرہ صحافی لوٹ پوٹ ہوگئے

مودی نے غیر سفارتی رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹرمپ کی موجودگی میں صحافیوں سے اردو میں بات کی


ویب ڈیسک August 26, 2019
مودی نے غیر سفارتی رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹرمپ کی موجودگی میں صحافیوں سے اردو میں بات کی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےبھارتی وزیراعظم کی انگریزی پر تبصرے سے ملاقات زعفران زار ہوگئی اور خود مودی کی بھی بے ساختہ ہنسی چھوٹ گئی۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جہاں اپنے بلند و بانگ مگر غیر حقیقی دعووں کے باعث اپنے ہی ملک میں تنقید کا شکار رہتے ہیں وہیں مودی سے بیرون ملک دوروں کے دوران بھی کوئی نہ کوئی اوٹ پٹانگ حرکت سرزد ہوجاتی ہے۔

صحافی مودی کی انہی پروٹوکول کے خلاف اور عقل سے بالاتر بچگانہ حرکات کی تلاش میں رہتے ہیں اور جسے مودی عالمی میڈیا کی توجہ سمجھ بیٹھتے ہیں۔ جی - 7 اجلاس کی سائیڈ لائن ملاقات میں بھی مودی نے اپنی یہی روایت برقرار رکھی۔

امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کے آغاز پر وزیر اعظم مودی نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صحافیوں سے دونوں سربراہان کو اکیلے میں گفتگو کرنے کا موقع فراہم کرنے کی التجا اردو میں کی۔ امریکی صدر نے مودی کی اس غیر سفارتی حرکت کو ہلکے پھلکے انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

صدر ٹرمپ جو ہکا بکا مودی کی اس حرکت کو دیکھ رہے تھے اچانک بول اُٹھے کہ ' دراصل مودی بہت اچھی انگریزی بولتے ہیں تاہم اس وقت وہ انگریزی بولنا نہیں چاہتے۔'

امریکی صدر کے اس بے ساختہ تبصرے پر محفل زعفران زار بن گئی اور مودی نے جھینپ مٹاتے ہوئے قہقہہ لگایا اور صدر ٹرمپ کا ہاتھ تھام کر بات آئی گئی کرنے کی کوشش کی اور تالی بھی ماری۔