حکومت طبی سہولیات نہ دیکرآصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، بلاول

ویب ڈیسک  پير 26 اگست 2019
مودی سے بڑے فاشسٹ عمران خان نیازی ہیں، چیرمین پیپلز پارٹی (فوٹو: فائل)

مودی سے بڑے فاشسٹ عمران خان نیازی ہیں، چیرمین پیپلز پارٹی (فوٹو: فائل)

 راولپنڈی: پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت طبی سہولیات نہ دے کرآصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اڈیالہ جیل راول پنڈی میں والد آصف زرداری اور پھوپھی فریال تالپور سے ملاقات کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی سے بڑے فاسشٹ عمران خان نیازی ہیں، طبی سہولیات نہ دے کرحکومت آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت میری پارٹی اور خاندان کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن پیپلزپارٹی جیسی نظریاتی جماعت سمجھوتہ کرلے گی یہ عمران خان کی بھول ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی بہن بیٹی کی عزت کا خیال نہیں، اس لئے سیاسی مخالفین کی عورتوں کی عزت بھی نہیں کرتا، عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو بغیر سزا کے قید کر رکھا ہے، اگر ایک سال سے سارے کرپٹ بند ہوچکے تو اب ملک میں خوشحالی آنی چاہئے تھی، نیازی کا ہر دعویٰ جھوٹا نکلا اور اس نے ہر بات پر یو ٹرن لیا، فاشسٹ نیازی نے میڈیا کا قتل اور جمہوریت پر حملہ کیا جبکہ انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری دیں، ہم نیازی کو کشمیر پر سودے بازی نہیں کرنے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔