گوجرانوالہ کے ’’آن لائن‘‘ جعلی عامل نے ملائیشین خاتون سے 20 لاکھ روپے اینٹھ لیے

ملزم نے غیر ملکیوں کو لوٹنے کےلیے ’بلیک میجک‘ کے نام سے ایک انگلش ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے


ویب ڈیسک August 29, 2019
ملزم نے غیر ملکیوں کو لوٹنے کےلیے ’بلیک میجک‘ کے نام سے ایک انگلش ویب سائٹ بھی بنائی ہوئی ہے۔ (فوٹو: فائل)

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گوجرانوالہ کے ایک جعلی عامل کو لاہور سے اس کے بیٹے سمیت گرفتار کرلیا ہے جس نے ملائیشیا کی خاتون کو کالے جادو کا جھانسہ دے کر ان سے 20 لاکھ روپے اینٹھ لیے تھے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ آصف اقبال کے مطابق، متاثرہ خاتون ازلینا کا تعلق ملائیشیا سے ہے جبکہ اس کا شوہر گوجرانوالہ کا رہائشی ہے۔ ملزم فیاض ایک جعلی عامل ہے جس نے ''بلیک میجک'' کے نام سے ایک انگلش ویب سائٹ بنائی ہوئی ہے تاکہ غیر ملکیوں کو بھی کالے جادو کا جھانسا دے کر ٹھگ سکے۔

ازلینا نے بتایا کہ وہ گھریلو پریشانیوں کا شکار ہے جنہیں حل کرنے کےلیے اس نے ملائیشیا سے ویب سائٹ کے ذریعے عامل فیاض سے رابطہ کیا۔ جعلی عامل نے کالے جادو سے مسائل حل کرنے کے بہانے اس سے بیس لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ بعد ازاں، مسئلہ حل نہ ہونے پر وہ عامل فیاض سے ملنے کےلیے اپنے شوہر کے ساتھ پاکستان آئی۔ ملاقات ہونے پر عامل نے مزید رقم مانگی، جس پر ازلینا اور اس کے شوہر نے ایف آئی اے کو درخواست دے دی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر آصف اقبال نے ''ایکسپریس نیوز'' کو بتایا کہ جعلی عامل فیاض اور اس کے بیٹے فہد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ جعلی عامل فیاض لوگوں کو جال میں پھنساتا اور بیٹا فہد رقم وصول کرتا تھا۔