پاک چین فضائی مشقوں کا مقصد صلاحیتیں بڑھانا ہے، چینی فوجی مبصر

اے پی پی  ہفتہ 31 اگست 2019
تربیتی سرگرمیاں ایک دوسرے کے مقابل آکر سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں،کرنل ڈو وین
 فوٹو: فائل

تربیتی سرگرمیاں ایک دوسرے کے مقابل آکر سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں،کرنل ڈو وین فوٹو: فائل

بیجنگ: چین کے فوجی مبصر سینئر کرنل ڈو وین لانگ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی چینی فضائیہ کے ساتھ حقیقی جنگ کے قریب ترین ماحول میں چین میں جاری مشترکہ سالانہ فوجی مشقوں ’’شاہین- ہشتم‘‘ کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ تربیتی سرگرمیاں دونوں ممالک کی فضائی افواج کو ایک دوسرے کے مقابل آکر سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہیں، چینی فوج کی آفیشل نیوز ویب سائٹ چائنا ملٹری کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان مشقوں کے دوران پاک فضائیہ نے بہترین جنگی تجربے اور چینی فضائیہ نے جدید ترین ہتھیاروں، آلات اور ٹیکنالوجیز کے استعمال کا مظاہرہ کیا ہے۔

دونوں افواج نے مشقوں میں اپنے روایتی، کلاسیکل اور اہم آلات کا استعمال کرتے ہوئے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ ان سالانہ مشقوں کو بے حد اہیمت دیتی ہیں، اس سال ان مشقوں کی خاص بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کو ایک دوسرے کی جنگی سرگرمیوں اور منصوبوں سے مکمل طور پر بے خبر رکھ کر ایک دوسرے کا مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کیا جاتاہے، چینی فضائیہ ان مشقوں میں جے۔10 سی، جے۔16 اور جے ایچ۔17 لٖڑاکا طیارے اور ارلی وارننگ ایئر کرافٹس کے ساتھ ساتھ زمین پر نصب ارلی وارننگ ایکوپمنٹ استعمال کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔