صنعتی زونز کی ترقی کیلیے منصوبہ تیار کررہے ہیںثاقب سومرو

کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے اور اس کی ترقی سے ملکی معیشت کی ترقی وابستہ ہے، اجلاس سے خطاب


Staff Reporter September 27, 2013
تمام صنعتی علاقوں میں عالمی معیار کا انفرااسٹرکچر ڈالا جائے گا،ایڈمنسٹریٹربلدیہ عظمیٰ کراچی ۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر ثاقب احمد سومرونے کہا ہے کہ کراچی کے چاروں صنعتی زونز میں سڑکوں اور دیگر بنیادی انفرااسٹرکچر کو ترقی دینے کیلیے پلان تیار کیا جارہا ہے۔

جس پر عملدرآمد سے مقامی صنعتیں ترقی کریں گی، لوگوں کیلیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع دستیاب ہونگے اور ملک کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا، یہ بات انھوں نے کراچی کے صنعتی علاقوں میں موجود انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر، ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، اجلاس کے دوران پیش کئی گئی۔



بریفنگ میں شہر کے مختلف صنعتی زونز میں موجودہ انفراسٹرکچر بشمول سڑکیں، گرین بیلٹس ، سگنلز، اسٹریٹ لائٹس ، فراہمی ونکاسی آب کا نظام ، پارکس اور دیگر شعبوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے اس موقع پر کہا کہ لانڈھی، کورنگی صنعتی زون، سائٹ انڈسٹریل زون، ایف بی ایریا صنعتی زون او رنیو کراچی صنعتی زون میں صنعتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی اور ان تمام صنعتی علاقوں میں عالمی معیار کا انفرااسٹرکچر ڈالا جائے گا، انھوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے اور اس کی ترقی سے ملکی معیشت کی ترقی وابستہ ہے، پورے ملک سے لوگ روزگار حاصل کرنے کیلیے کراچی کا رخ کرتے ہیں، کراچی ترقی کریگا تو پورا ملک ترقی کرے گا۔