محکمہ پولیس کے خلاف سب سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں صوبائی محتسب

سرکاری اداروں کیخلاف محتسب ادارہ عوام کی امید بن گیا ہے،ادارے سے رجوع کرنیوالوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،اسد اشرف


Staff Reporter September 27, 2013
سب سے زیادہ شکایتیں محکمہ پولیس کے خلاف 523 موصول ہوئیں،صوبائی محتسب۔ ۔فوٹو:فائل

صوبائی محتسب کی کارکردگی سے سرکاری محکموں کے خلاف لوگوں کی شکایت کا ازالہ ہوا ہے اور صوبائی محتسب بطور ادارہ انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

ملازمین ، بیواؤں ، یتیموں ، پنشنرز اور بچوں کے مسائل پر ادارے کی کوششیں قابل ستائش ہیں، ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے صوبائی محتسب اسد اشرف سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کیا اس موقع پر صوبائی محتسب نے ادارے کی سالانہ رپورٹ گورنر سندھ کو پیش کی،گورنر نے کہاکہ محتسب ادارہ معاشرے میں ناانصافی کے خاتمے کے لیے اہمیت کا حامل ہے،انھوں نے عوامی مسائل کے حل میں صوبائی محتسب اسد اشرف ملک کی ذاتی کوششوں کو سراہا اور محتسب ادارے کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔

محتسب اسد اشرف ملک نے ادارے کی کارکردگی پر بتایا کہ گزشتہ سال جنوری تا دسمبر 2012 کے دوران ادارہ کو 5414 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں265 درخواستوں کا تعلق وفاقی محتسب سے تھا لہٰذا وہ کارروائی کے لیے وفاقی محتسب کے دفتر کو ارسال کر دی گئیں۔



2648 شکایات کو باضابطہ تفتیش کے لیے منظور کیا گیا،191کو متعلقہ اداروں کو ضروری کارروائی کے لیے بھیجا گیا،523 درخواستیں ابتدائی جانچ کے بعد مسترد کر دی گئیں،اس طرح مجموعی طور پر 5149 درخواستوں پر عوام کی شکایات کا ازالہ کیا گیا۔

سب سے زیادہ شکایتیں محکمہ پولیس کے خلاف 523 موصول ہوئیں جبکہ دیگر محکموں میں محکمہ تعلیم و لٹریسی، ریونیو، بلدیات اورمحکمہ زراعت شامل ہیں،محتسب ادارہ سرکاری اداروں کیخلاف شنوائی کے ضمن میں عوام کی امید کی حیثیت رکھتا ہے اور ادارے سے رجوع کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ،وفاقی محتسب کے قوانین میں کیے گئے اضافے سے دوررس نتائج نکل رہے ہیں ایسے اختیارات صوبائی محتسب ایکٹ میں بھی شامل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی داد رسی مزید بہتر طریقے سے ہو سکے۔