پلواما حملے پر بھارتی سیکیورٹی فورس نے وزارت داخلہ کے دعوے کا بھانڈا پھوڑ دیا

بھارتی وزارت داخلہ نے پلواما حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کے تاثر کو مسترد کردیا تھا


ویب ڈیسک September 04, 2019
بھارتی وزارت داخلہ نے پلواما حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کے تاثر کو مسترد کردیا تھا

بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی محکمہ جاتی رپورٹ میں پلواما حملے پر وزارت داخلہ کی انکوائری رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے کہ 14 فروری کو پلواما میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قافلے پر حملہ انٹیلی جنس ناکامی کے باعث پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 14 فروری کے پلواما حملے میں 44 اہلکاروں کی ہلاکت پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی جانب سے محکمہ جاتی انکوائری کی رپورٹ منظرعام پر آگئی ہے جس میں وزارت داخلہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اعتراف کیا گیا کہ حملہ انٹیلی جنس کی مکمل ناکامی تھا۔

سی آر پی ایف کی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حملے سے پہلے کار بم حملے سے متعلق خبردار نہیں کیا گیا اور نہ ہی فورس کے ساتھ احتیاطی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے کوئی ان پٹ شئیر کیا گیا تھا البتہ صرف بارودی سرنگ دھماکوں سے متعلق عمومی الرٹ جاری کی گئی تھی تاہم خود کش کار بم دھماکے کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔

یہ خبر پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکے میں 44 بھارتی فوجی ہلاک

قبل ازیں 14 فروری کے پلواما حملے پر وزارت داخلہ کی جانب سے جاری انکوائری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پلواما حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کا تاثر غلط ہے۔ انٹیلی جنس اداروں کی کارکردگی بہت اچھی اور سمت درست جانب ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بھارت پلوامہ واقعہ جیسا بہانہ بناکر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے، ترجمان پاک فوج

واضح رہے کہ رواں برس 14 فروری کو پلواما میں بھارتی سیکیورٹی فورس کے قافلے پر خود کش کار حملے میں 44 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔