چیمپئنز لیگ لائنز کیخلاف فتح نے ممبئی کی امیدیں جگادیں

میزبان سائیڈ نے 7وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی، تین میچزمیں 6 پوائنٹس ہوگئے


Sports Desk September 28, 2013
چیمپئنز لیگ ٹی 20:لائنز کے جین سیمز کو آئوٹ کرنے پر ممبئی انڈینز کے پراگیان اوجھاکا پُرجوش انداز۔ فوٹو: سی ایل ٹی 20

چیمپئنز لیگ ٹوئنٹی 20 میں ممبئی انڈینز نے جنوبی افریقی سائیڈ لائنز کو 7وکٹ سے شکست دیکرٹائٹل جیتنے کیلیے اپنی امیدیں جگالیں۔

راجستھان سے ابتدائی میچ میں شکست کے بعد ان کا دوسرا مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا، ممبئی نے تین میچز میں پہلی فتح کی بدولت 6 پوائنٹس لیکر گروپ 'اے ' میں تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق احمد آباد سے جے پور منتقل کیے جانیو الے مقابلے میں مہمان سائیڈ نے پہلے کھیل کر مقررہ اوورز میں 5وکٹ کے نقصان پر 140رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنر کوئنٹن ڈی کوک 19 کے بعد الویرو پیٹرسن نے 27 گیندوں پر 35رنز جوڑکر ہمت دکھائی،نیل میکنزی 15رنز بناکر پویلین واپس ہوگئے۔



ڈیوائن پیرٹوریس نے 31رنز ناٹ آئوٹ بنائے، ان کی اننگز میں 1 چوکا اور 2 سکسر شامل رہے، پاکستانی کرکٹر سہیل تنویر2رنز بناپائے، پراگیان اوجھا نے 26رنز کے عوض2وکٹیں اپنے نام کیں، روہت شرما کی زیرقیادت کھیلنے والی ممبئی انڈینز نے ہدف 18.3 اوورز میں 3وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، ڈیوائن اسمتھ نے 47 گیندوں پر 63رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 بائونڈریز اور 3 چھکے شامل رہے، کیرون پولارڈ نے 20 گیندوں پر 31 رنز ناٹ آئوٹ بٹورتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، روہت شرما 20رنز بناسکے، عمران طاہر نے 23رنز دیکر ایک کھلاڑی کو قابو کیا۔