کراچی میں شارع فیصل کا ایک ٹریک بند بدترین ٹریفک جام

شارع فیصل روڈ پر جاری سیوریج لائن کی مرمت کا کام 24 سے 36 گھنٹوں میں مکمل ہوگا، حکام


Staff Reporter September 05, 2019
شارع فیصل روڈ پر جاری سیوریج لائن کی مرمت کا کام 24 سے 36 گھنٹوں میں مکمل ہوگا، حکام (فوٹو: فائل)

شارع فیصل مہران ہوٹل کے سامنے سیوریج لائن کی مرمت کے باعث میٹرو پول سے ایئرپورٹ جانے والی شارع فیصل کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جس کے باعث میٹرو پول، زینب مارکیٹ، صدر، لکی اسٹار، جناح اسپتال، گورا قبرستان اور ملحقہ سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شارع فیصل پر واقع مہران ہوٹل کے سامنے سیوریج لائن کی مرمت کے باعث میٹرو پول سے ایئرپورٹ جانے والی شارع فیصل کے ایک ٹریک کا ایک حصہ راجہ عضنفرعلی روڈ تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے جس کے باعث شارع فیصل اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بُری طرح متاثر ہوئی اور صبح دفاتر اور روزگار پر جاتے ہوئے اور واپسی پر لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ اختر اسد ملہی نے ایکپسریس کو بتایا کہ آواری ٹاور کے عقب میں واقع راجہ غضنفر علی روڈ جو کہ شارع فیصل سے مل رہی ہے وہاں حالیہ بارش کے دوران زیر زمین گزرنے والی سیوریج لائن کی وجہ سے زمین میں دھنسنا شروع ہوگئی تھی رات کو واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے حکام نے ٹریفک پولیس کوآگاہ کیا کہ انہیں شارع فیصل سے گزرنے والی سیوریج لائن پر کام کرنا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک پولیس نے میٹرو پول سے ایئر پورٹ کی جانب جانے والے شارع فیصل کے ایک ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ٹریفک ساؤتھ نے بتایا کہ واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے حکام نے شارع فیصل روڈ پرجاری سیوریج لائن کی مرمت کا کام مکمل کرنے کے لیے 24 سے 36 گھنٹوں کا وقت دیا ہے۔ شارع فیصل کے ایک ٹریفک کا کچھ حصہ ٹریفک کے لیے بند ہونے سے ٹریفک پولیس حکام کے جانب سے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق کلفٹن، سلطان آباد سے ایئر پورٹ جانے والے آواری سے فاطمہ جناح روڈ، کینٹ چونگی، داود پوتہ روڈ، مہران انڈر پاس، بسم اللہ سگنل، لکی اسٹار، ریجنٹ پلازا سے شارع فیصل یا کینٹ چورنگی سے اسکول روڈ، دائیں جانب مزار، نیول ہائٹس، CSD و FTC سے شارع فیصل کا راستہ اختیارکریں، کلفٹن اورسلطان آباد یا ٹاور سے ایئرپورٹ جانے والے فوارہ چوک، عبداللہ ہارون روڈ، اینگل سگنل سے دائیں جانب سراوان ہوٹل سے لکی اسٹار اور ریجنٹ پلازا سے شارع فیصل کا راستہ اختیار کریں

دوسری جانب واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئرارشد جاوید نے بتایا کہ سیوریج لائن کی مرمت کا کام رات 2 بجے شروع کیا گیا تھا اور 24 گھنٹوں میں یہ کام مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد شارع فیصل کے ٹریک کو رات تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا، شارع فیصل پر زیر زمین گزرنے والی سیوریج لائن 60 سال پرانی لائن ہے 1964ء میں یہ سیوریج لائن ڈالی گئی تھی جو کہ اپنی میعاد پوری کرچکی ہے۔