ویسٹ انڈیز سے سیریز؛ بورڈ اور براڈ کاسٹر میں 3 ملین ڈالرکا تنازع حل

سلیم خالق  جمعـء 6 ستمبر 2019
بقیہ رقم کا مفت ایئرٹائم ڈومیسٹک کرکٹ میچز کے لیے دیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

بقیہ رقم کا مفت ایئرٹائم ڈومیسٹک کرکٹ میچز کے لیے دیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی اور براڈکاسٹ ادارے میں تین ملین ڈالرکا تنازع عدالت سے باہر ہی طے ہوگیا، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے تین ٹی ٹوئنٹی میچزکا یہ مسئلہ 2018 سے جاری تھا جسے اب احسان مانی نے حل کرایا.

اپریل2018میں کیریبیئن کرکٹ ٹیم نے3ٹوئنٹی 20 میچزکیلیے پاکستان کا دورہ کیا تھا، چونکہ یہ سیریز فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ نہیں تھی،اس لیے پی سی بی نے براڈکاسٹر سے علیحدہ تین ملین ڈالر فیس طلب کی،اس کا جواب تھاکہ اسے بھی معاہدے میں ہی شامل ہونا چاہیے لہذا اضافی ادائیگی کا جواز نہیں بنتا،کافی وقت گذرنے کے باوجود یہ رقم بورڈ کو نہیں مل سکی تھی۔

سابق چیئرمین نجم سیٹھی مستعفی ہونے سے قبل اس کی انوائس جاری کرا گئے اس لیے معاملہ ایسے ہی ختم نہیں کیا جا سکتا تھا۔ فروری میںگورننگ بورڈ کے سامنے بھی یہ مسئلہ پیش کیا گیا تھا۔

اس موقع پرکیس لیگل ڈپارٹمنٹ کو بھیجنے کا فیصلہ ہوا جو دستیاب آپشنز دیکھ کر کوئی قدم اٹھاتا، البتہ اب چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی کوششوں سے معاملہ عدالت کے باہر ہی طے ہو گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ براڈ کاسٹر نے کرکٹ بورڈ کو8 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ادائیگی کر دی جبکہ باقی رقم کا مفت ایئرٹائم ملے گا جسے ڈومیسٹک میچز میں استعمال کیا جائے گا، پی سی بی نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ نئے فارمیٹ میں ہونے والے مقابلے براہ راست نشر ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں منعقدہ سیریز میں کئی ویسٹ انڈین اسٹار کھلاڑی سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے شریک نہیں ہوئے تھے، پی سی بی نے منہ مانگا معاوضہ دے کر مہمان ٹیم کو دورے پر بلایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔