مکان کیلیے بھائی کو قتل کرنے والا بڑا بھائی اور 2 ساتھی گرفتار

حمزہ والد سے وراثت میں ملنے والامکان فروخت کرنا چاہتا تھا، 22 سالہ رمشال اس میں رکاوٹ بنا ہوا تھا، ترجمان سندھ رینجرز


Staff Reporter September 06, 2019
فیضان اورارباز مقتول کوگھر سے جائے وقوع لیکرگئے تھے، حمزہ نے فائرنگ کرکے قتل کیا، ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ فوٹو : فائل

رینجرز نے نوجوان کے قتل میں ملوث اس کے سگے بھائی اور2 ساتھیوںکو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق 25 اگست کورنگی نمبر6سے ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، پاکستان رینجرزسندھ نے تحقیقات کیلیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے لاش کی شناخت 22 سالہ رمشال ولد محبوب کے نام سے کرلی، مقتول لانڈھی نمبر 6 کا رہائشی تھا۔

رینجرز نے ٹیکنیکل مانیٹرنگ اور شواہد کی روشنی میں لانڈھی نمبر 6سے مقتول رمشال کے قتل میں ملوث اس کے سگے بھائی محمد حمزہ ولد محمد محبوب کوگرفتار کیا، ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے والد (مرحوم) کی وراثت سے ملا ہوا مکان فروخت کرنا چاہتا تھا مگر اس کا چھوٹا بھائی رمشال اس میں رکاوٹ بنا ہوا تھا جس پرملزم نے 24 اگست کی رات کورنگی نمبر 6 میں بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، ملزم حمزہ کی نشاندہی پر 2 ساتھی فیضان احمد صدیقی اور محمد اربازکو بھی گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان مقتول رمشال کوگھر سے جائے وقوع پر لانے میں ملوث تھے، تینوں ملزمان کو قانونی کارروائی کیلیے پولیس کے حوالے کر دیا۔

ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر0347-9001111 پر کال پر اطلاع دیں۔