آغا سراج درانی کی درخواست پر حکم امتناع میں توسیع کردی گئی

جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے آغاسراج درانی کی درخواست کی سماعت کی


Staff Reporter September 28, 2013
مدعا علیہ ذوالفقار کماریو کو جاری کردہ نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی ۔فوٹو:فائل

سندھ ہائیکورٹ نے پی ایس 9سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی کی کامیابی کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کرنے والے امیدوار ذوالفقار کماریوکو 3 اکتوبر کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کردیے ہیں اور عبوری حکم امتناع میں توسیع کردی ہے۔

،جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے آغاسراج درانی کی درخواست کی سماعت کی، عدالت کو بتایا گیا کہ مدعا علیہ ذوالفقار کماریو کو جاری کردہ نوٹس کی تعمیل نہیں ہوسکی جس پر فاضل عدالت نے متعلقہ سیشن جج کے توسط سے نوٹس کی تعمیل کی ہدایت کی،درخواست گزار کے وکلا نے موقف اختیار کیاکہ الیکشن ٹریبونل کے سربراہ متعصب اور جانبدار ہیں اور ان کے خلاف دیگر درخواستیں بھی دائر کی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن نے 7انتخابی عذرداریوں کی سماعت الیکشن ٹریبونل کراچی کو منتقل کردی۔

قبل ازیں فاضل عدالت نے ووٹرزکے انگوٹھوں کے نشان کی تصدیق کے حکم پر عمل درآمد روک دیا تھا ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار نے پی ایس9شکار پور سے عام انتخابات 2013میں کامیابی حاصل کی تھی،مخالف امیدوار ذوالفقار کماریو نے اس کامیابی کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائر کی جس پر ٹریبونل کے سربراہ ظہیرالدین ایس لغاری نے 24پولنگ اسٹیشنوں میں کاسٹ ہونے والے ووٹوں کی انگوٹھوں کے نشان کی نادرا سے تصدیق کا حکم دیا،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ مخالف امیدوار ذوالفقار کماریو کا تعلق مسلم لیگ فنکشنل سے ہے۔