ایل او سی پر اشتعال انگیزی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی 24 گھنٹے میں دوسری بار طلبی

بھارتی فوج ایل او سی، ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کومسلسل نشانہ بنا رہی ہے، دفتر خارجہ


ویب ڈیسک September 08, 2019
بھارتی فوج نے6ستمبرکوکھوئی رٹہ سیکٹرمیں یکجہتی کشمیرریلیوں میں شہریوں کودانستہ نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی شہری زخمی ہوئے، ترجمان دفتر خارجہ، فوٹو: فائل

پاکستان میں متعین بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے آگاہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہونے کے بھارتی دعوں کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ اور ڈی جی ساوتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو الو والیا کو اتوار کے روز وزارت خارجہ طلب کیا، 24 گھنٹوں کے دوران بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دوسری بار طلب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے گورو الو والیا پر واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق بھارتی قومی سلامتی مشیر کی حالیہ بریفنگ کو مسترد کر تے ہیں، بریفنگ میں مقبوضہ کشمیر میں معمول کی صورتحال کا غلط تاثر دیا گیا حالانکہ مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے اور معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں معمولات کی بحالی کا بھارتی دعوی مسترد کر دیا

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو باور کرایا کہ بھارتی فوج ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کومسلسل نشانہ بنا رہی ہے، بھارتی فوج نے6ستمبرکوکھوئی رٹہ سیکٹرمیں یکجہتی کشمیرریلیوں میں شہریوں کودانستہ نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی شہری زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر پر واضح کیا کہ بھارتی فوج کیجانب سے 2017سے سیزفائر کی خلاف ورزیوں میں تیزی آئی ہے، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔