جونیئر ہاکی پاکستان نے اجنٹائن کو 41 سے مات دے دی

بھارت اور ملائیشیا ٹائٹل کی جنگ لڑیں گے،کوریا کو پانچویں پوزیشن پانے کیلیے انگلینڈ کا چیلنج درپیش


Sports Desk September 29, 2013
آج برانز میڈل میچ میں اسی حریف سے مقابلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے آخری لیگ میچ میں پاکستان نے ارجنٹائن کو4-1 سے زیر کرلیا، دونوں ٹیمیں اتوار کو برانز میڈل میچ میں بھی مدمقابل ہونگی۔

ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ بھارت اور میزبان ملائیشیا کے درمیان اسی روز کھیلا جائیگا۔ کوریا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پانچویں پوزیشن کیلیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے شہر ملاکا میں جاری سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں لیگ میچز کے آخری روز پاکستان نے ارجنٹائن کیخلاف یکطرفہ مقابلے میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی۔ گرین شرٹس نے جارحانہ انداز میں میچ کا آغاز کیا اور 6 منٹ میں احمد شکیل بٹ کی جانب سے پنالٹی کارنر پر گول کی بدولت برتری حاصل کرلی۔14 ویں منٹ میں محمد دلبر کی عمدہ موو پر محمد ارسلان قادرر نے بال کو جال میں پہنچا کر مقابلہ 2-0 کردیا۔

پہلے 20 منٹ کے کھیل میں ارجنٹائن ٹیم کو 4 پنالٹی کارنر ملے مگر گرین شرٹس گول کیپر امین یوسف راسے میں حائل رہے۔ پہلا ہاف ختم ہونے سے 4 منٹ قبل محمد دلبر نے ریورس فلک کے ذریعے گول داغتے ہوئے پاکستان کی برتری 3-0 کردی۔ ایک منٹ بعد ہی دلبر کے پاس پر شکیل نے چوتھا گول داغ دیا۔ دوسرے ہاف میں پاکستانی کھلاڑیوں نے بال کو زیادہ سے زیادہ اپنے کنٹرول میں رکھنے کی کوشش کی۔ ارجنٹائن کے مٹیاس ایڈوارڈو نے47ویں منٹ پر ملنے والے موقع کو کار آمد بناتے ہوئے خسارہ کو ایک گول کم کیا۔ بعدازاں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی اور پاکستان نے میچ 4-1 سے جیت لیا۔



میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے کوچ منظور الحسن کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ارجنٹائن ٹیم سے برانز میڈل میچ بھی سامنا ہونا ہے اس لیے کھلاڑیوں کو کہہ دیا ہے کہ وہ کسی لمحے پر بھی ریلیکس نہ ہوں۔ ہفتہ کو ایونٹ کے لیے پہلے سے ہی کوالیفائی کرجانے والی ٹیموں ملائیشیا اور بھارت کے مابین مقابلہ 3-3 گول سے برابر ہوگیا۔ ملائیشین ٹیم نے 2 گول کے خسارے میں جانے کے بعد عمدہ انداز میں کم بیک کیا اور میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے میچ کے دسویں منٹ میں ستویر سنگھ ، 33 ویں منٹ میں رامندیپ اور آخری لمحات میں یوسف آفان نے گول کیے، 61 ویں منٹ میں ملائیشیا کی جانب سے فطری ساری نے 61 ویں منٹ میں پہلا، تین منٹ بعدراشد بحروم نے دوسرا اور 68 ویں منٹ میںسہاری نے تیسرا گول داغا۔ ڈرا میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے پوائنٹس کی تعداد مشترکہ طور پر13,13 ہوگئی ہے اور دونوں کے مابین اتوار کو ٹائٹل معرکہ ہوگا، اسی روز ایونٹ میں 5 میچز میں سے 3 فتوحات حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم برانز میڈل کیلیے ارجنٹائن کیخلاف میدان میں اترے گی۔ آخری دوپوزیشنز پر رہنے والی کوریا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پانچویں پوزیشن کے میچ میں آمنے سامنے ہونگی۔