انگلینڈ کے 25 سالہ فاسٹ بولر کا اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان

ماضی کی متعدد انجریز نے بھی ان کے مستقبل پر سوالات کھڑے کر دیے تھے


اسپورٹس ڈیسک August 07, 2026

انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر جان ٹرنر نے صرف 25 برس کی عمر میں تمام طرز کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ہیمپشائر کے ساتھ جان ٹرنر کا معاہدہ ابھی دو سال باقی تھا تاہم مسلسل انجری مسائل نے انہیں یہ مشکل فیصلہ کرنے پر مجبور کیا۔

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے ٹرنر نے 2024 میں انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے دو ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے جن میں مجموعی طور پر تین وکٹیں حاصل کیں۔

گزشتہ سال جون سے وہ کمر میں اسٹریس فریکچر کے باعث کرکٹ سے دور تھے جبکہ ماضی کی متعدد انجریز نے بھی ان کے مستقبل پر سوالات کھڑے کر دیے۔

اپنے بیان میں جان ٹرنر نے کہا کہ انگلینڈ اور ہیمپشائر کی نمائندگی کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا لیکن اب انہیں محسوس ہوتا ہے کہ زندگی کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھنے کا یہی مناسب وقت ہے۔

انہوں نے ہیمپشائر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کلب نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا اور انہیں بھرپور مواقع فراہم کیے۔

ہیمپشائر کے ڈائریکٹر آف کرکٹ نے ٹرنر کو باصلاحیت کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلب ان کی ریٹائرمنٹ پر افسردہ ہے تاہم ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔