رنجب بسوال کو آئی پی ایل کی چیئرمین شپ مل گئی

ٹیم کے دیرینہ منیجر کو بی سی سی آئی کے سالانہ اجلاس عام میں لیگ چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا گیا


Sports Desk September 30, 2013
جھارکھنڈ کے سابق پولیس افسر امیتابھ اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین مقرر۔ فوٹو: فائل

آئی پی ایل کی سربراہی رنجب بسوال کو مل گئی، ٹیم کے دیرینہ منیجر کو بی سی سی آئی کے سالانہ اجلاس عام میں لیگ چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا گیا، این سری نواسن بھی حسب توقع بلامقابلہ مزید ایک برس کیلیے صدر منتخب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے رنجب بسوال کو انڈین پریمیئر لیگ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا ہے، وہ راجیو شکلا کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے،سیاسی مصروفیات کی وجہ سے شکلا نے یہ بھاری ذمہ داری مزید اٹھانے سے معذرت کرلی تھی ۔ بھارتی بو رڈ کے سالانہ اجلاس عام سے قبل یہ بھی خیال پایا جارہا تھا کہ نگران بورڈ صدر جگموہن ڈالمیا کو آئی پی ایل کا چیئرمین بنایا جاسکتا ہے تاہم وہ 73 برس کے ہوچکے اور اتنی بھاگ دوڑ والا کام ان کے بس کی بات نہیں تھا اس لیے 43 سالہ بسوال کو یہ ذمہ داری سونپی گئی۔بسوال اڑیسہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں، وہ خود بھی کرکٹ کھیل چکے اور اس سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہے جس کی بنائی ہوئی ٹیم نے 2007 میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 جیتا تھا، ورلڈ کپ 2011 میں بھی بھارتی ٹیم کی فتح کے وقت وہ اس کے منیجر تھے۔



بی سی سی آئی کے اسی سالانہ اجلاس عام میں حسب توقع این سری نواسن کو مزید ایک برس کیلیے بلامقابلہ بورڈ کا صدر منتخب کرلیا گیا، اس بار میںصدارت سائوتھ زون کا ہی حق تھا تاہم وہاں نواسن کے مدمقابل کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔ نواسن اب صدر تو بن چکے مگر انھیں بورڈ کی دوبارہ باگ ڈور سنبھالنے کیلیے سپریم کورٹ میں بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کے فیصلے کا انتظار کرنا ہوگا۔ اجلاس میں سنجے پٹیل کو سیکریٹری جبکہ انوراگ ٹھاکر کو جوائنٹ سیکریٹری بھی منتخب کیا گیا۔خازن انیرودھ چودھری ہوں گے۔ نارتھ زون سے نائب صدر بنسال، سینٹرل زون سے راجیو شکلا، سائوتھ زون سے شیولال یادیو، ویسٹ زون سے روی ساونت اور ایسٹ زون سے چتراک مترا نائب صدور ہوںگے۔سلیکشن کمیٹی کی سربراہی بدستور سندیپ پٹیل کے پاس ہی ہے۔ اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کا چیئرمین امیتابھ چوہدری کو مقرر کیا گیا ہے جوکہ جھارکھنڈ پولیس کے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیں۔