فرقہ واریت اسلامی دنیا کو چیر پھاڑ رہی ہے مسلم امہ شدت پسندی کے خلاف متحد ہوجائے ملائیشیا

پاکستان، شام اور عراق میں ہونیوالے شیعہ سنی کی بنیاد پر تشدد اور دہشتگردی میں صرف ماہ رمضان میں5000 افراد مارے گئے


AFP September 30, 2013
ہمارا مقصد اسلام کے اصل مقام کو پھر سے حاصل کرنا ہی ہونا چاہیے،ملائیشیا۔ فوٹو: فائل

ملائیشیا کے وزیر اعظم محمد نجیب بن حاجی عبدالرزاق نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرقہ واریت اسلامی دنیا کو چیر پھاڑ رہی ہے اور یہ اسے باقی دنیا سے الگ رکھنے کی مذموم حرکت ہے۔

اسلام کے نام پر انتشار پھیلانے والے عناصر سے نمٹنے کیلیے پوری دنیا کے امن پسند مسلمان اتحاد کا مظاہرہ کریں، اسلام کے خلاف بچھائی گئی دشمنوں کی چال کا خاتمہ کرنے کیلیے روشن خیالی بہترین راستہ ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران محمد نجیب نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ مسلمانوں کو سب سے زیادہ خطرہ باہر سے نہیں اندر سے ہے۔ پاکستان، شام اور عراق میں ہونے والے شیعہ سنی کی بنیاد پر تشدد اور دہشتگردی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم نے کہا کہ ان3 ممالک میں صرف ماہ رمضان میں5000 افراد فرقہ واریت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قتل و غارت بند کی جائے اور امن و خوشحالی کا مشترکہ ایجنڈا بنانے کیلیے مل بیٹھیں۔



امن سے محبت کرنے والے مسلمانوں کی اکثریت کو ان شدت پسندوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا جو تشدد بانٹنے کیلیے ہمارے مذہب کا استعمال کرتے ہیں، ہمارا مقصد اسلام کی حقیقت کو پاتے ہوئے اپنے عقیدے کے اصل مقام کو پھر سے حاصل کرنا ہونا چاہیے، پوری دنیا میں اس وقت انتشار پسندی لوگوں میں موت بانٹ کر ترقی کے امکانات ضائع کر رہی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک ہی عقیدے کے لوگ اپنے ہم عقیدہ بھائیوں کے گلے کاٹ رہے ہیں، جس سے پوری مسلم امہ متاثر ہو رہی ہے ۔ وزیراعظم نجیب رزاق نے کہا کہ وہ ملائیشیا میں بھی باہمی احترام اور جامعیت کی ضرورت پر اتفاق رکھتے ہیں جہاں60 فیصد مسلمان، چینی اور بھارتی ہندوئوں کی بھی اقلیتیں ہیں۔ امریکی صدر اوباما جنوب ایشیائیممالک میں اتحاد کے متلاشی ہیں وہ بھی اگلے ماہ ملائشیا کے دورے پر جا رہے ہیں جو کہ 1966 کے بعد کسی بھی امریکی رہنما کا پہلا دورہ ہوگا۔

مقبول خبریں