آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھارتی اسکواڈ سے کارتھک اور مرلی وجے کی چھٹی

یوراج حسب توقع لوٹ آئے، شامی کو بھی منتخب کرلیاگیا،پرویزبغیرکھیلے باہر


Sports Desk October 01, 2013
انجرڈ عرفان پٹھان کے بجائے اسکواڈ میں محمد شامی کو شامل کرلیا گیا ۔ فوٹو : فائل

بھارت نے آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹوئنٹی 20 اور ابتدائی 3 ون ڈے میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، دنیش کارتھک اور مرلی وجے کی چھٹی ہوگئی ، یوراج سنگھ حسب توقع ٹیم میں واپس لوٹ آئے، محمد شامی کو بھی منتخب کرلیا گیا، امیش یادیو کی جگہ جادیوانڈیکٹ کو مل گئی، پرویز رسول بغیر کھیلے باہر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے آسٹریلیا سے ہوم سیریز کیلیے اپنے اس فرسٹ چوائس اسکواڈ میں 4 تبدیلیاں کیں جس نے چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لیا تھا۔ یوراج سنگھ کی10 اکتوبر کو شیڈول واحد ٹوئنٹی 20 اور 13 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے ابتدائی تین معرکوں کے لیے واپسی ہوئی، ان کیلیے مرلی وجے کو جگہ خالی کرنا پڑی، دنیش کارتھک کو اپنے ممبئی انڈینز کے ساتھی پلیئر امباتی رائیڈو کیلیے جگہ گنوانا پڑی، انجرڈ عرفان پٹھان کے بجائے اسکواڈ میں محمد شامی کو شامل کرلیا گیا جبکہ جادیو انڈیکٹ کو امیش یادیو پر ترجیح دی گئی۔



یوراج سنگھ نے آخری ون ڈے انٹرنیشنل رواں برس جنوری میں دھرم شالا میں انگلینڈ کیخلاف کھیلا تھا، انھیں چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ کردیا گیا جبکہ زمبابوے جانے والے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں تھے،اس ٹور میں بھارت نے کئی سینئرز کو آرام کا موقع دیتے ہوئے نوجوان پلیئرز کو کھلایا تھا، یوراج فرانس میں فٹنس کورس کی تکمیل اور پھر بھارت اے کی جانب سے ویسٹ انڈیز کیخلاف محدود اوورز کے میچز میں اچھی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہے۔

دنیش کارتھک نے انگلینڈ اور پھر زمبابوے میں اچھی کارکردگی پیش کی مگر وہ ویسٹ انڈیز میں ٹرائنگولر سیریز میں ایک ففٹی بھی نہیں بنا پائے تھے،انکی بانسبت امباتی رائیڈو نے زمبابوے کیخلاف 101 رنز 50.5 کی اوسط سے بنائے۔ زمبابوے کیخلاف سیریز میں دھونی کو بھی آرام دیا گیا تاہم وہ اب دوبارہ قیادت سنبھالیں گے، سیریز میں سینئرز کی جگہ کھیلنے والے چتیشور پجارا، اجنکیا راہنے، موہت شرما اور پرویزرسول کونظرانداز کردیا گیا۔اسکواڈ میں کپتان مہندرا دھونی، شیکھر دھون، روہت شرما، ویرت کوہلی، یوراج، سریش رائنا، رویندرا جڈیجا، ایشون، بھونیشور کمار، ایشانت شرما، ونے کمار، امیت مشرا، امباتی رائیڈو، محمد شامی اور جادیو انڈاکٹ شامل ہیں۔