سری لنکا بھارتی اینالسٹ کو پاکستان نہیں لائے گا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 22 ستمبر 2019
فیملی ممبران نہیں آ رہے، ٹور پر راضی کسی پلیئر کو کوئی تشویش نہیں، منیجر
فوٹو: فائل

فیملی ممبران نہیں آ رہے، ٹور پر راضی کسی پلیئر کو کوئی تشویش نہیں، منیجر فوٹو: فائل

کولمبو:  سری لنکا بھارتی اینالسٹ کو پاکستان نہیں لائے گا پانش شیٹی کی جگہ جی ٹی نروشن کو ذمہ داری سونپ دی گئی۔

کھلاڑی منگل کی صبح روانگی سے قبل بھکشوؤں کی دعائیں لیں گے، فیملی ممبران ہمراہ نہیں ہوں گے، ٹیم منیجر اشانتھا ڈی میل نے کہاکہ ٹور پر راضی کسی کھلاڑی کو کوئی تشویش نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق  سری لنکا نے دورئہ پاکستان کیلیے اشانتھا ڈی میل کو ہی بطور منیجر اور ٹور سلیکٹر برقرار رکھا ہے،انھوں نے کہا کہ کہ ٹور پر تیار ہونے والے کھلاڑیوں نے کسی بھی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔

واضح رہے کہ بورڈ کے صدر شمی سلوا، نائب صدر راون وکرمارتنے  اور سیکریٹری موہن ڈی سلوا ون ڈے سیریز کے دوران پاکستان جائیں گے، کچھ آفیشلز ٹوئنٹی 20 میچز میں بھی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے، بھارتی اینالسٹ پانش شیٹی کی  جگہ جی ٹی نروشن اس ٹور میں یہ ذمہ داری نبھائیں گے، بھارت سے تعلق کی وجہ سے پاکستانی ویزے کے حصول میں مشکلات کے پیش نظر شیٹی کو ٹورنگ پارٹی کا حصہ نہیں بنایا گیا۔  پیر کوکھلاڑیوں کا ٹریننگ سیشن ختم ہوگا جس کے بعد وہ منگل کی صبح ایمرٹس ایئرلائن کے ذریعے براستہ دبئی کراچی روانہ ہوں گے، روانگی سے قبل فوٹو سیشن اور مذہبی تقریب بھی ہوگی۔

بدھ بھکشو انھیں محفوظ ٹور کیلیے دعائیں دینگے، کھلاڑیوں کے فیملی ممبر پاکستان نہیں جائینگے۔ واضح رہے کہ سری لنکا کے قائم مقام ون ڈے کپتان لاہیرو تھریمانے پہلے ہی واضح کر چکے ہیںکہ انھیں پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ، وہ اپنی توجہ صرف کرکٹ معاملات پر ہی مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔