ترکی پاکستان کوانشورنس ریگولیٹری فریم ورک کیلیے مدد دیگا

کیپٹل ڈیولپمنٹ بورڈترکی اورایس ای سی پی میں تعاون کیلیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط


Numainda Express October 03, 2013
ترکی نے گزشتہ برسوں میں انشورنس کے شعبے میں ترقی حاصل کی ہے اور عوام تک انشورنس کے فوائد اجاگر کر کے اس کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ ڈیزائن: جمال خورشید

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور کیپٹل ڈیولپمنٹ بورڈ آف ترکی کے درمیان پاکستان میں بیمے کے شعبے کے فروغ اور جدید ریگولیٹری فریم ورک قائم کرنے کے لیے مفاہمتی یاداشت طے پاگئی، ایم او یو پر پاکستان کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ترکی کے وزیر خزانہ مہمت سمسک نے دستخط کیے۔

ایس ای سی پی کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مفاہمتی یاداشت کا مقصد پاکستان میں انشورنس سیکٹر کے فروغ اورخاص طور پر عوام میں انشورنس کے رجحان میں اضافے کیلیے مل کر کام کرنا ہے، ترکی نے گزشتہ برسوں میں انشورنس کے شعبے میں ترقی حاصل کی ہے اور عوام تک انشورنس کے فوائد اجاگر کر کے اس کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے، پاکستان اس شعبے میں ترکی کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے، پاکستان میں بیمہ پالیسی حاصل کرنے کی شرح انتہائی کم ہے۔



جس کی وجہ عوام میں اس حوالے سے شعور اور آگہی کی کمی ہے۔ ایس ای سی پی کے انشورنس کمشنر محمد آصف عارف کا کہنا ہے کہ عوام میں شعور اور آگہی پیدا کرنے کے لیے برادر اسلامی ملک ترکی کے تجربات سے استفادہ کیا جائیگا، پاکستان میں عوام کو صحت کے لیے بہترین طبی سہولتیں میسر نہیں جبکہ سیلاب کے وجہ سے ہر سال چھوٹے کسانوں کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے، عوام میں انشورنس کی اہمیت اجاگر کر نے سے نہ صرف بیمہ کی صنعت کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ عوام کو قدرتی آفات کے مقابلے میں سوشل پروٹیکشن بھی فراہم کی جا سکتی ہے۔