اسنوکر پاکستان نے آئرلینڈ اور فن لینڈ کو بھی مات دیدی

محمد آصف نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے جیسن ڈیونے کو زیر کر لیا


Sports Desk October 03, 2013
محمد آصف نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے جیسن ڈیونے کو زیر کر لیا۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

پاکستان نے آئی بی ایس ایف عالمی 6 ریڈاینڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں فتوحات کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے آئرلینڈ اور فن لینڈ کو بھی مات دے دی۔

انفرادی ایونٹ میں ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے آئرلینڈ کے جیسن ڈیونے کو زیر کرلیا، محمد سجاد نے فرنچ پلیئر احمد بنارسی کو شکست دے دی۔آئرلینڈ کے شہر کارلو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آئی بی ایس ایف عالمی 6 سیڈ اینڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹس کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا، ٹیم چیمپئن شپ میں آئرلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے ٹھکانے لگایا، ابتدائی فریم میں آصف نے حریف ڈینئیل ڈیمپسی کو 68-12 سے باآسانی ہرایا، آئرلینڈ کے ڈیونے نے دوسرے فریم میں 87-23 سے کامیابی کی بدولت حساب چکتا کیا، تیسرے اور چوتھے فریم میں محمد سجاد نے 84-04 اور 60-35 سے کامیابی حاصل کرکے ٹیم کی برتری دگنی بنا دی، آخری فریم میں آصف کو 24-82 سے شکست ہوگئی۔



دوسرے میچ میں پاکستان نے فن لینڈ کو 5-0 سے آؤٹ کلاس کیا، فتح کا اسکور 79-21، 93-26، 50-03 ، 89-16 اور 75-06 رہا، ٹیم ایونٹ میں پاکستان اپنے تینوں ابتدائی میچز میں سرخرو رہا ، دوسری جانب انفرادی مقابلوں میں آصف نے آئرش حریف جیسن ڈیونے کو 4-3 سے مات دے دی، بیسٹ آف سیون فریمز مقابلے میں آصف کو ابتدا میں شکست ہوئی لیکن اس کے بعد انھوں نے تینوں اگلے فریم جیت کر اسکور 3-1 کیا۔

ڈیو نے نے بھی اس مرحلے پر ہمت دکھائی اور اگلے 2 فریمز اپنے نام کرتے ہوئے مقابلے کو 3-3 سے برابری تک پہنچایا ،فیصلہ کن فریم میں آصف نے کامیابی حاصل کرلی، میچ کا اسکور 12-58، 36-22 ، 44-01 ، 41-11، 12-37، 32-34 اور 43-23 رہا، اسی طرح محمد سجاد نے بھی فرنچ حریف احمد بنارسی پر 4-0 سے غلبہ حاصل کرلیا۔