پٹرولیم نرخ عالمی منڈی میں کم پاکستان میں اضافہ ہوا

حکومت نے کمی کے بجائے مہنگائی کرکے غریب طبقے کی زندگی اجیرن کردی


INP October 03, 2013
عالمی منڈی میں لائٹ سویٹ آئل اور برینٹ کی قیمت میں 10 ڈالر کمی دیکھی گئی۔ فوٹو: فائل

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ کے دوران مسلسل کمی کے باوجود حکومت نے تیل کی قیمتوں میں ہو شربا اضافہ کردیا۔

عالمی منڈی میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران خام تیل کی فی بیرل قیمت میں10ڈالر کی کمی ریکارڈکی گئی، ایک رپورٹ کے مطابق حکومت نے عالمی منڈی کے ساتھ تیل کی قیمتیں منسلک کر رکھی ہیں اور عالمی منڈی میں اتارچڑھائو کے ساتھ تیل کی قیمتوں میں کمی اور اضافہ کیا جاتا ہے لیکن حقائق اس کے برعکس ہیں۔ گزشتہ ماہ کے آغاز پر عالمی منڈی میں لائٹ سویٹ آئلکی قیمت110ڈالرز سے کم ہو کر 100ڈالر فی بیرل پر آ گئی جبکہ برینٹ نارتھ سی آئل کی قیمت 115ڈالرز فی بیرل سے کم ہو کر105 ڈالرز فی بیرل تک آگئی۔



حکومت نے قیمتوں میں کمی کر نے کی بجائے تاریخی اضافہ کر کے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا جس سے غریب اور متوسط طبقے کی زندگی اجیرن ہو گئی۔حکومت نے یکم اکتوبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے تک اضافہ کیا ہے۔بدھ کونیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں کنٹریکٹ کے تحت لائٹ سویٹ خام تیل کے نومبرکیلیے سودے29سینٹ کمی کے بعد102.04ڈالر فی بیرل اور برینٹ نارتھ سی آئل کے نومبر کیلیے سودے 43 سینٹ کمی کے ساتھ 107.94 ڈالر فی بیرل میں طے ہوئے۔