کراچی میں ون ڈے کرکٹ کی واپسی پر پلیئرز پُرجوش

موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہوں گا (عابد) بولنگ کی خامیوں پر قابو پالیا،افتخار


Sports Desk September 26, 2019
ٹیم کا مستقل رکن بننا چاہتا ہوں (نواز) رضوان اور عثمان کے بھی حوصلے بلند۔ فوٹو: فائل

کراچی میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر پاکستانی پلیئرز انتہائی پُرجوش ہیں۔

سری لنکا سے سیریز کا پہلا میچ جمعے کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، سیریز کے ذریعے5 کرکٹرز عابد علی، افتخار احمد، محمد نواز، محمد رضوان اور عثمان شنواری کی قومی اسکواڈ میں واپسی بھی ہوگی، یہ تمام بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم رکھتے ہیں۔

رائٹ ہینڈڈ اوپنر عابد علی نے کہاکہ میں نے ٹیم میں واپسی کے لیے سخت محنت کی ہے۔ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہوں گا۔

واضح رہے کہ عابد نے ون ڈے کیریئر کے آغازکو آسٹریلیا کیخلاف سنچری سے یادگار بنایا تھا، وہ دبئی میں منعقدہ تینوں میچز کا حصہ رہے،پھر انگلینڈ سے سیریز کے دوران بھی ایکشن میں نظر آئے، البتہ انھیں ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا،اب مصباح الحق نے انھیں ہوم سیریز میں صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔

عابد علی نے کہا کہ میں قومی اسکواڈ کا حصہ بننے پر انتہائی پُرجوش ہوں۔ کم بیک کرنے والے ایک اور کھلاڑی افتخار احمد نے اس سے قبل پاکستان کیلیے آخری ون ڈے انٹرنیشنل یواے ای میں انگلینڈ کیخلاف2015 میں کھیلا تھا، انھوں نے کہا کہ بطور مڈل آرڈر بیٹسمین میچ کے اختتام تک کریز پر موجود رہنا میری ذمہ داری ہے۔

بولنگ کی خامیوں پر قابو پالیا،بطور آل راؤنڈر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، انھوں نے کہا کہ میں نے مڈل آرڈر میں بیٹنگ کا آرٹ مصباح الحق سے سیکھا، میرا مقصد سیریز میں خود کو ثابت کرنا بھی ہوگا۔ ہوم سیریز کے دوران محمد نواز2018 میں منعقدہ ایشیا کپ کے بعد گرین شرٹ پہلی بار زیب تن کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ میں سری لنکا سے سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹیم کا مستقل رکن بننا چاہتا ہوں، میں نے ٹیم سے دور رہ کر بیٹنگ پر خصوصی توجہ دی،وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کہاکہ مجھے سرفراز احمد سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے،لیفٹ آرم پیسر عثمان شنواری بھی سری لنکا کیخلاف بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں