منصفانہ انتخابات کاانعقاداولین ترجیح ہےچیف الیکشن کمشنر

امریکی سفارتخانے کے وفدسے گفتگو،آسٹریلوی سینیٹ کے...


Numainda Express August 31, 2012
امریکی سفارتخانے کے وفدسے گفتگو،آسٹریلوی سینیٹ کے صدراورسفیربھی ملے

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)فخرالدین جی ابراہیم سے جمعرات کو پاکستان میں امریکا کے قائم مقام سفیررچرڈ ہوگلینڈکی قیادت میں امریکی سفارت خانے کے4رکنی وفدنے ملاقات کی۔اس موقع پرالیکشن کمیشن کے ممبران بھی موجودتھے،امریکاکے قائم مقام سفیر نے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں انتخابی اصلاحات سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔امریکی سفیر نے پاکستان میں سیاسی اتفاق رائے سے الیکشن کمیشن کے قیام پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں غیرجانبدارالیکشن کمیشن کے قیام سے عالمی برادری کے پاکستان کے جمہوری اداروں کے ساتھ تعلقات میں بہتری آئیگی۔

اس موقع پرچیف الیکشن کمشنرنے امریکی سفیرکاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں الیکشن کمیشن کابنیادی کام ملک میں منصفانہ صاف وشفاف انتخابات کاانعقاد ہے جواس کی اولین ترجیح ہے۔الیکشن کمیشن پاکستان میں صاف شفاف انتخابات کیلیے پرعزم ہے ایسے انتخابات جوپاکستانی قوم اوربین الاقوامی برادری کی توقعات کے مطابق ہوں ۔

الیکشن کمیشن نے امریکی سفارت خانے کے وفدکوبتایاکہ بین الاقوامی برادری کے ساتھ خوشگوارتعلقات کمیشن کی ترجیحات میں شامل ہیں،کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کے موقع عالمی مبصرین کوتمام سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔دریں اثناچیف الیکشن کمشنراورکمیشن کے ارکان کے ساتھ آسٹریلوی سینیٹ کے صدرسینیٹرجان جوزف ہاگ اور پاکستان میں آسٹریلیاکے سفیرپیٹرہاروڈنے بھی ملاقات کی اور الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیاراوردیگرامورپرتبادلہ خیال کیا۔

مقبول خبریں