بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے اور عدالت عظمیٰ سے...


Editorial October 05, 2013
یہ بات درست ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہے لیکن نیپرا بھی تو اسی سسٹم کا حصہ ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے اور عدالت عظمیٰ سے کہا ہے کہ نئی قیمتوں کے تعین کے لیے نیپرا سے رجوع کیا جائے گا۔ حکومت نے گزشتہ دنوں بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ اس پر ملک بھر میں شدید ردعمل ظاہر کیا گیا ہے اور سپریم کورٹ نے اس کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔ حکومت کا یہ فیصلہ درست ہے لیکن اس کی کیا ضمانت ہے کہ نیپرا بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہیں کرے گا۔

یہ بات درست ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنے کا اختیار حکومت کے پاس نہیں ہے لیکن نیپرا بھی تو اسی سسٹم کا حصہ ہے۔ اگر کل کلاں وہ اضافہ کر دیتا ہے تو اس پر عدالت عظمیٰ کا ردعمل کیا ہو گا اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ بہرحال موجودہ حکومت کے اقتدار کے مختصر عرصے میں مہنگائی کی شرح میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ ڈالر کی قیمت میں غیرحقیقی اضافہ ہوا، سونے کے نرخوں میں بھی غیرمعمولی اتار چڑھاؤ آ رہا ہے۔ ادھر حکومت توانائی کے مختلف ذرائع کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔

ان عوامل نے مل کر معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ اب بھی جاری ہے۔ حالانکہ ان ایام میں ملک کے تقریباً تمام آبی ذخائر میں پانی موجود ہے۔ حکومت بجلی کمپنیوں کو ادائیگیاں بھی کر رہی ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آ رہی۔ دوسری طرف بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس طریقے سے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ کاروباری سرگرمیاں کم ہوں گی تو اس سے بے روزگاری میں اضافہ ہو گا۔ حکومت کے لیے بہتر ہے کہ وہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کرے۔