فیفا کے حالیہ اقدام سے منصوبہ بندی متاثر نہیں ہوگی قطر

ہماری تیاریوں کی بنیاد ورلڈ کپ 2022 کا انعقاد ممکن بنانا ہے،کمیونیکیشن اینڈ مارکیٹنگ ڈائریکٹر


Sports Desk October 06, 2013
ورلڈ کپ اسٹیڈیمز کوٹھنڈا رکھنے کیلیے ٹیکنالوجی کی تنصیب ودیگرکام جاری رہیں گے۔ فوٹو: فائل

فٹبال ورلڈ کپ 2022 کے میزبان قطر کا کہنا ہے کہ فیفا کی جانب سے تاریخوں میں تبدیلی کا فیصلہ اگلے برس تک موقوف کرنے سے ہماری تیاریاں متاثر نہیں ہوں گی۔

سینئر آفیشل نے میڈیا کو بتایا کہ ورلڈ کپ میں اسٹیڈیمز کو ٹھنڈا رکھنے کیلیے ٹیکنالوجی کی تنصیب، ٹریننگ سہولیات اور شائقین کیلیے مختلف زونز بنانے کا کام جاری رہے گا، فیفا کے حالیہ اقدام سے ہماری منصوبہ بندی کسی طور پر متاثر نہیں ہوگی، آرگنائزنگ کمیٹی کے کمیونیکیشن اینڈ مارکیٹنگ ڈائریکٹر نصیر ال خاطر نے مزید کہا کہ ہماری تیاریوں کی بنیاد ورلڈ کپ 2022 کا انعقاد ممکن بنانا ہے، ہمیں ایونٹ کی تاریخوں تبدیلی کیے جانے یا نہ ہونے سے کوئی سروکار نہیں، ہم اپنے منصوبے کے مطابق کام جاری رکھے ہوئے اور ایونٹ کیلیے تیار ہیں، انھوں نے کہا کہ کولنگ ٹیکنالوجی ہماری تیاریوں کے منصوبے کا بڑا حصہ اور ہم اسے پروگرام کے مطابق نصب کریں گے، اگر میگا ایونٹ گرمیوں کے بجائے سردیوں میں منعقد کیا جائے تو ہمیں خوشی ہوگی۔



اس معاملے پر بین الاقوامی فٹبال کمیونٹی اتفاق رائے سے کوئی فیصلہ کرلے گی، ہمیں جو بھی تاریخیں ملی ہم اس میں ایونٹ کی میزبانی کرنے پر خوش ہوں گے، قطر کو غیر ملکی مزدوروں کے ساتھ سلوک کے حوالے سے الزامات کا سامنا ہے، یہ بھی خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ وہاں شدید گرمی کی صورت میں کھلاڑیوں اور تماشائیوں کی صحت کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، قطر میں موسم گرما میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے، اس حوالے سے ال خاطر نے کہا کہ ورکرز کے حقوق ان سے معاہدے میں درج کیے گئے ہیں، جو بھی قطر ورلڈ کپ منصوبے میں کام کررہے ہیں ہم ان کے حقوق پر مکمل عمل کی کوشش کریں گے، ہم ہمیشہ سے چاہتے ہیں کہ قطر 2022 ورلڈ کپ یا دیگر منصوبوں میں جو بھی کنٹریکٹر کام کررہے ہیں وہ ایمانداری، عزت اور محفوظ ماحول کو یقینی بنائیں، ہم نے6 ماہ قبل ورکرز کا چارٹر جاری کردیا تھا۔