ایچ ای سی کی جامعات کو اسٹرکچرل انسپیکشن کی ہدایت

بحریہ یونیورسٹی اسلام آبادمیں طالبہ کی زیرتعمیر عمارت سے گرکرہلاکت پرریکٹر مستعفی


Safdar Rizvi October 03, 2019
نیول چیف نے معاملے کے ذمے داروں کے تعین کیلیے انکوائری کمیٹی قائم کردی، ایچ ای سی کاخط ۔ فوٹو:فائل

اعلیٰ تعلیمی کمیشن آف پاکستان(ایچ ای سی) نے بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد میں بیچلرکی طالبہ حلیمہ امین کی زیرتعمیرعمارت سے گرکرہلاک ہونے کے واقعہ کے بعد ملک بھرکی سرکاری ونجی جامعات اوراسنادتفویض کرنے والے اداروں(ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹس)کو''اسٹریکچرل انسپیکشن''(تعمیری ڈھانچے یاساخت کامعائنہ)کرکے چارروزکے اندررپورٹ ایچ ای سی کوبھجوانے کی ہدایت جاری کردی۔

ملک بھرکے اعلیٰ تعلیمی اداروں کوباقاعدہ گائیڈ لائن(ہدایت نامہ) جاری کیاگیا ہے جس میں بحریہ یونیورسٹی اسلام آبادمیں پیش آنے والے واقعہ کاتذکرہ کرتے ہوئے یہ انکشاف بھی کیاگیاہے کہ یونیورسٹی کے ریکٹرنے واقعہ کاذمے دارخود کوسمجھتے ہوئے اپنارضاکارانہ استعفیٰ بھی پیش کردیا جبکہ نیول چیف کی جانب سے اس معاملے کے ذمے داروں کے تعین کے لیے باقاعدہ انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔

''ایکسپریس'' کو اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے رکن (آپریشنزاینڈپلاننگ)ڈاکٹرفتح مری کی جانب سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کولکھے گئے خط کی موصولہ کاپی کے مطابق جامعات کے وائس چانسلرزریکٹرزہیڈزسے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اداروں طلبہ،ملازمین اورباہرسے آنے والوں مہمانوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی اقدامات کریں، اس خط میں کہاگیاہے کہ 26ستمبرکوبحریہ یونیورسٹی کی چوتھی منزل سے حلیمہ امین کے گرکرہلاک ہونے کے واقعہ کے بعد صورتحال کاجائزہ لینے اوراحتجاج کرنے والے طلبہ سے ہمدردی کے لیے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹرطارق بنوری نے خود یونیورسٹی کادورہ کیا۔

خط میں کہاگیاہے کہ بظاہرجس عمارت سے طالبہ گرکرہلاک ہوئی وہاں کسی قسم کی'' باڑیاروک'' Fencingاوردیگرحفاظتی اقدامات کا مناسب انتظام موجودنہیں تھاجبکہ مبینہ طورپر یونیورسٹی کے اس زیرتعمیر یا نامکمل بلاک میں کلاسز جاری تھیں۔

خط میں اس واقعے کاتذکرہ کرتے ہوئے جامعات سے کہاگیاہے کہ اس حادثے کے تناظرمیں''کیمپس سیفٹی'' کے لیینئی تعمیر شدہ عمارتوں کوکیمپس انتظامیہ کے حوالے کرنے کے سلسلے میں باقاعدہ قوائد وضوابط کے طورپرایچ ای سی کی جانب سے گائیڈ لائن ترتیب دی جارہی ہے۔

یہ گائیڈ لائنزایچ ای سی کی جانب سے جامعات کے مستقبل میں کیے جانے والے دوروں میں''انسپیکشن مانیٹرنگ''اوراین اوسی کے اجرا کے طریقہ کارکاحصہ ہونگی تاہم فوری کارروائی کے طورپرتمام جامعات جمعہ 4اکتوبرتک اس حوالے سے اپنی''کیمپس سیفٹی'' رپورٹس ایچ ای سی کوپیش کریں، جامعات آئندہ دوروزمیں ڈائریکٹرانجینئرنگ ڈائریکٹرپلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ سے اپنے تمام کیمپسز کی عمارتوں کااسٹریکچرل انسپیکشن کرائیں اوراس بات کاسرٹیفیکیٹ ایچ ای سی کوجمعہ تک بھجوایاجائے کہ ان کے کیمپسز طلبہ کے لیے محفوظ ہیں۔

مقبول خبریں