جراحی کا نشتر نگل کر جیل منتقل کرنے کی کوشش ناکام

ویب ڈیسک  اتوار 6 اکتوبر 2019
نئی دہلی کی جیل میں قیدی اپنے پیٹ میں جراحی کا نشتر چھپاکر اندر لے جانا چاہتا تھا کہ میٹل ڈٹیکٹر نے اس کی تصدیق کردی۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی کی جیل میں قیدی اپنے پیٹ میں جراحی کا نشتر چھپاکر اندر لے جانا چاہتا تھا کہ میٹل ڈٹیکٹر نے اس کی تصدیق کردی۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی: لگتا ہے کہ پاکستان کی طرح اب بھارت کے جیل بھی سنگین جرائم اور قانون شکنی سے محفوظ نہیں رہے، حال ہی میں ایک شخص نے جراحی کا نشتر (اسکیلپل) اپنے پیٹ میں اتار کر اسے جیل کے اندر پہنچانے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔

نئی دہلی کی منڈولی جیل میں ایک قیدی جراحی کا نشتر اپنے پیٹ میں چھپائے جیل میں داخل ہونے لگا تو پولیس اہلکاروں کو تلاشی کے باوجود کچھ نہ مل سکا لیکن جیسے ہی وہ الیکٹرانک گیٹ سے گزرا میٹل ڈٹٰیکٹر کا الارم بج گیا ۔ یہ مجرم عدالت میں سماعت کے بعد دوبارہ جیل کے اندر جارہا تھا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ سنیل عرف چوہا چوری، ڈکیتی اور رہزنی کے کئی واقعات میں ملوث ہے اور وہ تیزدھار آلہ جیل کے اندر لے جانا چاہتا تھا۔ لیکن حیرت انگیز طور پر نگلتے دوران اسے نشتر سے کوئی نقصان نہیں ہہنچا۔

میٹل ڈٹیکٹر بجنے کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایکسرے میں پیٹ میں ایک مشکوک شے دکھائی دی۔ ڈاکٹروں نے اس شے کو نکالنے کے لیے آپریشن کا فیصلہ کیا تو سنیل رونے لگا۔

اس نے بتایا کہ اس کے پیٹ میں جراحی کا بلیڈ ہے جو اس نے پانی کے ساتھ پیٹ میں اتارا ہے۔ نگلنے سے پہلے اس نے پورے نشتر کو پلاسٹک کی ٹیپ میں لپیٹ دیا تھا تاکہ اسے کوئی گزند نہ پہنچ سکے۔ اس سب کے باوجود یہ اب تک معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ اس خطرناک شے کو پیٹ میں چھپاکر کیا کام انجام دینا چاہتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔