قندیل بلوچ قتل کیس میں مفرور اشتہاری ملزم عارف سعودی عرب سے گرفتار

مقتولہ قندیل کے بھائی ملزم عارف کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا، پولیس ذرائع


ویب ڈیسک October 05, 2019
ملزم عارف کو پولیس تھانہ مظفر آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے، پولیس ذرائع۔ فوٹو: فائل

سوشل میڈیا ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں مفرور مقتولہ کا بھائی ملزم عارف انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کے مفرور اور اشتہاری ملزم عارف کو انٹر پول کے زریعے گرفتار کر لیا گیا ہے، اور پولیس ذرائع کا کہناہے کہ اسے سعودی عرب سے ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قندیل بلوچ قتل کیس میں مرکزی ملزم وسیم کوعمرقید

پولیس ذرائع کے مطابق عدالت نے سعودی عرب میں مقیم مقتولہ قندیل بلوچ کے بھائی ملزم عارف کو اشتہاری قرار دیا تھا، ملزم کو سعودی عرب سے انٹرپول کے ذریعے گرفتارکیا گیا، اور ملتان میں پولیس تھانہ مظفر آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ملزم عارف کے حوالے سے علیحدہ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قندیل بلوچ کے والدین نے قتل میں نامزد بیٹوں کو معاف کردیا

کیس کا پس منظر

ماڈل قندیل بلوچ کو 15 اور 16 جولائی 2016 کی درمیانی شب قتل کیا گیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ مظفر آباد میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ ماڈل کو گلا گھونٹ کر مارا گیا ہے۔ قندیل کے بھائی وسیم نے گرفتاری کے بعد اقبال جرم کرلیا تھا لیکن عدالت میں فرد جرم عائد کی گئی تو اس نے انکار کردیا۔ مقدمے میں مذہبی اسکالر مفتی قوی سمیت عبدالباط، ظفر اقبال، اسلم شاہین اور حق نواز کو گرفتار کیا گیا تھا۔