2005 کی تاریخی ایشز فتح میں شامل انگلش پیسر اسٹیو ہارمیسن بھی ریٹائر

34 سالہ پیسر نے 226 ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کیں لیکن رواں برس اپنی جسمانی حالت کے پیش نظرکوئی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیل پائے


Sports Desk October 07, 2013
مجھے معلوم تھا کہ 2013 سیزن کے اختتام پر مجھے یہ فیصلہ کرنا ہے،ہارمیسن۔فوٹو: فائل

TEHRAN: 2005 میں انگلینڈ کی ایشز فتح میں شامل رہنے والے فاسٹ بولر اسٹیو ہارمیسن نے پروفیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔

34 سالہ پیسر نے 226 ٹیسٹ وکٹیں اپنے نام کیں لیکن رواں برس اپنی جسمانی حالت کے پیش نظر ڈرہم کی جانب سے کوئی بھی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیل پائے، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے اسٹیو ہارمیسن نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ 2013 سیزن کے اختتام پر مجھے یہ فیصلہ کرنا ہے، میں اپنے اختتامی سیزن میں عمدہ کھیل کے ساتھ رخصت ہونے کا ارادہ رکھتا تھا لیکن میری جسمانی حالت نے مجھے اس کا موقع نہیں دیا اور میں ڈرہم کیلیے اس سیزن میں کوئی بھی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیل پایا، کائونٹی سے میرا معاہدہ سیزن کے اختتام پر مکمل ہوگیا ہے، اسی طرح 2005 کی ایشز میں انگلینڈ کی تاریخی فتح میں شامل رہنے والے تقریباً تمام فاسٹ بولرز منظرنامے سے ہٹ گئے، میتھیو ہوگارڈ نے گذشتہ ماہ کھیل کو چھوڑنے کا اعلان کیا جبکہ اینڈریو فلنٹوف نے 2010 میں یہ فیصلہ کرلیا تھا جبکہ سیمون جونز بدستور ٹی 20 اسپیشلسٹ بنے ہوئے ہیں۔