ورلڈکپ 2015 افغانستان کی شمولیت پر کلارک اور میک کولم مسرور

باہمت سائیڈ کا بڑے ایونٹ میں پہلا تجربہ یادگار رہے گا، کیوی و آسٹریلوی قائد


Sports Desk October 07, 2013
افغانستان گذشتہ ہفتے آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر آیا تھا ۔ فوٹو : اے ایف پی ، فائل

آسٹریلین کپتان مائیکل کلارک اور کیوی کپتان برینڈن میک کولم نے افغانستان کے 2015 ورلڈ کپ میں جگہ بنالینے کو سراہا ہے، دونوں پلیئرز نے امید ظاہر کی کہ باہمت سائیڈ کا سب سے بڑے ایونٹ میں پہلا تجربہ یادگار رہے گا۔

افغانستان گذشتہ ہفتے آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ چیمپئن شپ میں دوسرے نمبر پر آیا تھا اور آئر لینڈ کے ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 14 فروری سے 29 مارچ تک ہونیوالے آئی سی سی کے سب سے بڑے ایونٹ میں پہنچ چکا ہے۔ افغانستان پول اے میں جبکہ آئرلینڈ پول بی میں شامل ہے، افغانستان کو اگست 2012 میں واحد ایک روزہ میچ میں شکست دینے والی ٹیم کے کپتان کلارک ایسوسی ایٹ سائیڈ کی کامیابی پر مسرور ہیں۔ آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں مائیکل کلارک کا کہنا ہے کہ یہ گذشتہ برس کی بات ہے جب ہم عرب امارات میں افغانستان کیخلاف کھیلے تھے، انھوں نے اچھے کھیل کے ساتھ زبردست صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا تھا، آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں جگہ بنالینا ان کا حق تھا اور ہم حقیقتاً اس سے خوش ہیں۔



انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان کو نہ صرف کامیابی ملی بلکہ یہ ایک متاثر کن کہانی ہے، گذشتہ دہائی میں ایک قوم اور ایک کرکٹ سائیڈ کی حیثیت سے ابھرنا ایک متاثر کن کہانی ہے، ہمیں توقع ہے کہ وہ پول اے میں کسی بھی سائیڈ کیلیے ایک چیلنج اور ہوں گے اور ہم ان سے پرتھ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے منتظر ہیں۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں نیپیئر کے مقام پر 8 مارچ کو افغانستان کا سامنا کرنیوالی نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان میک کولم کہتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے ہم افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں کوالیفائی کرنے کیلیے ان کی کوششوں پر زبردست مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم ان کیخلاف نیپیئر کے خوبصورت شہر میں ورلڈ کپ میچ میں کھیلنے کا انتظار کررہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ وہ ہمارے ملک اور ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی پیش کریں گے۔

افغانستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ 18 فروری کو کینبرا میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا اور بنگلہ دیش کے کپتان مشفیق الرحیم کا کہنا ہے کہ ان کی سائیڈ اس گیم کی منتظر ہے، میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015 میں افغانستان سے سامنے کیلیے تیار ہوں، مجھے یقین ہے اس وقت تک وہ مزید تجربے کے ساتھ نسبتاً مزید بہتر سائیڈ بن جائیں گے، ایک مضبوط افغانستان کرکٹ ٹیم ایسوسی ایٹس کے ساتھ ساتھ دنیائے کرکٹ کیلیے ایک انتہائی خوش کن خبر ہے۔مشفیق کا کہنا ہے کہ انھیں افغانستان سائیڈ کی کارکردگی میں اضافے سے خوشی ہے جس میں انتہائی باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں، افغانستان کی پروگریس سنسنی خیز ہے ، مختصر عرصے میں ٹیم نے بہت ترقی کی ہے اور ورلڈ ایونٹس میں کوالیفکیشن سمیت ان کی کامیابی پلیئرز کی صلاحیتوں اور جذبے کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے محمد نبی، محمد شہزاد اور گلاب دین نبی کے ساتھ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ اور ڈھاکا پریمیئر ڈویژن کرکٹ لیگ میں کپتانی کا موقع ملا ہے اور میں نے انھیں ہمیشہ فوری سیکھنے والے، سخت محنتی اور قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال پایا ہے۔