وسیم اکرم سری لنکنزکوسوئنگ کا سبق پڑھائیں گے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 6 اکتوبر 2019
مختصر وقت کیلیے کوچز اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ سیشن کا امکان۔ فوٹو: فائل

مختصر وقت کیلیے کوچز اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ سیشن کا امکان۔ فوٹو: فائل

کولمبو: وسیم اکرم اب سری لنکن بولرز کو سوئنگ کا سبق پڑھائیں گے، آئی لینڈ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے سابق اسٹار کی خدمات حاصل کیے جانے کا امکان ہے۔

سابق پاکستانی اسٹار فاسٹ بولر وسیم اکرم کی جانب سے سری لنکن پیسرز کو سوئنگ بولنگ کے اسرارورموز سکھائے جانے کا امکان ہے، بورڈ ان کی خدمات حاصل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنے لگا، جلد ہی باقاعدہ بات چیت شروع ہونے کا بھی امکان ہے، اگر اس حوالے سے کوئی ڈیل ہوئی تو پھر وسیم مختصر وقت کیلیے سری لنکا کے کوچز اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ سیشن کریں گے۔

وہ پہلے ہی اس حوالے سے دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے واضح کرچکے کہ اگر ایس ایل سی اپنے پیس بولنگ ڈپارٹمنٹ میں بہتری کیلیے ان کی خدمات حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ بھی اس کیلیے تیار ہیں۔  سری لنکا کے موجودہ فاسٹ بولرز کی کارکردگی زیادہ اچھی نہیں، خاص طور پر وہ اس وقت اچھا پرفارم کرنے میں ناکام رہتے ہیں جب اشد ضرورت ہوتی ہے۔

سری لنکا اگلے ورلڈ کپ اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تناظر میں بہترین کھلاڑی تیار کرنا چاہتا ہے، اسی لیے وسیم اکرم کے ساتھ انگلش پاور ہٹنگ کوچ جولین ووڈکی بھی خدمات حاصل کرنے کا خواہاں ہے، وہ ہارڈ ہٹرز کی تکنیک کو بہتر بنانے میں کافی مہارت رکھتے ہیں، ان سے بھی بات چیت کا عمل جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔