جج ویڈیو کیس نوازشریف نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی

سپریم کورٹ نے ہمارا موقف سنے بغیر ویڈیو کیس کا فیصلہ دیا، ہمارا موقف سن کر فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، نواز شریف


ویب ڈیسک October 07, 2019
سپریم کورٹ نے ہمارا موقف سنے بغیر ویڈیو کیس کا فیصلہ دیا، ہمارا موقف سن کر فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، نواز شریف فوٹو:فائل

KARACHI: نوازشریف نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں جج ارشد ملک اور دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا کہ ہمیں نوٹس کیے بغیر اور موقف سنے بغیر سپریم کورٹ نے ویڈیو کیس کا فیصلہ دیا اور معاملے کے پیرامیٹرز (حدود) طے کردیئے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے جج ارشد ملک ویڈیو کیس کا فیصلہ سنادیا

نواز شریف نے درخواست میں کہا کہ ویڈیو اسکینڈل کے معاملے پر ہمارا موقف بھی سنا جائے، سپریم کورٹ نے جو ویڈیو اسکینڈل میں فیصلہ دیا اُس سے ہمارا حق متاثر ہوا، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ہمارا موقف سنا جائے اور عدالت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو اختیار ہے کہ وہ اس ویڈیو کے منظرِ عام آنے کے بعد جج ارشد ملک کی طرف سے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو دی جانے والی سزا کا از سر نو جائزہ لے۔