جامعہ کراچی شعبہ فارمیسی اور بین الاقوامی تعلقات میں داخلوں کیلیے ٹیسٹ لینے کا فیصلہ

کلیہ فارمیسی کے بورڈ آف فیکلٹی اورشعبہ بین الاقوامی تعلقات کے بورڈ آف اسٹڈیز نے داخلے رجحان ٹیسٹ پردینے کی منظوری دی


Safdar Rizvi October 08, 2013
شعبہ ابلاغ عامہ پہلے ہی داخلے ٹیسٹ کی بنیاد پردینے کا فیصلہ کرچکاہے، حتمی منظوری اکیڈمک کونسل دے گی۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے 2مزید شعبوں فارمیسی اور بین الاقوامی تعلقات میں بھی بی ایس اور ماسٹرز کے داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے بورڈ آف اسٹڈیز جبکہ شعبہ فارمیسی کے بورڈ آف اسٹڈیزکے ساتھ ہی بورڈآف فیکلٹی نے بھی اپنے اپنے شعبوںمیں بی ایس اور ماسٹرزکے داخلے رجحان ٹیسٹ پر دینے کی منظوری دے دی ہے جس پر عملدرآمد آئندہ تعلیمی سال 2014کے سلسلے میں اگلے ماہ شروع ہونے والے داخلوں سے ہی کیا جائے گا جبکہ فیصلے کی حتمی منظوری آئندہ چند روزمیں ہونے والے اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی۔

جامعہ کراچی کا شعبہ ابلاغ عامہ پہلے ہی شعبہ میں بی ایس اور ماسٹرزکے داخلے رجحان ٹیسٹ کی بنیاد پر دینے کا فیصلہ کرچکا ہے، جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل 27ستمبرکوشیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹرمحمد قیصرکی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلے کی منظوری دے چکی ہے،کلیہ فارمیسی کے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس پیرکو رئیس کلیہ کی زیرصدارت منعقدہوا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فارمیسی میں داخلوں کے سلسلے میں رجحان ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرایا جائے گا ، ٹیسٹ میں 60فیصد مارکس لینے والاامیدوارکامیاب قراردیاجائے گا۔



جو داخلے کے اگلے مرحلے کا اہل ہوگا ، ٹیسٹ کے نمبرداخلے کے میرٹ میں شامل نہیں کیے جائیں گے،واضح رہے کہ کلیہ فارمیسی سمیت یونیورسٹی کے تمام شعبوں میں ہونے والے ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے داخلے بھی ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوتے ہیں،یہ ٹیسٹ این ٹی ایس کے بجائے جامعہ کراچی خود لیتی ہے،مزیدبراں شعبہ بین الاقوامی تعلقات میں بی ایس اور ماسٹرزکے داخلوں کے لیے رجحان ٹیسٹ کی حتمی منظوری اکیڈمک کونسل سے ملنے کے صورت میں اس ٹیسٹ کے نمبربھی داخلہ مرحلے میں شامل نہیں کیے جائیں گے ،ٹیسٹ میں کامیاب طالبعلم داخلے کے اگلے مرحلے ''اوپن میرٹ''کااہل ہوگا۔

اس سے قبل گزشتہ کئی برسوں سے جامعہ کراچی کے 9 شعبے ٹیسٹ کی بنیاد پرداخلے دیتے ہیں اب ان میں مزید 3شعبوں کا اضافہ ہوجائے گا ، یہ فیصلہ این ای ڈی یونیورسٹی کے گزشتہ برس اور رواں برس رجحان ٹیسٹ میں سندھ کے مختلف تعلیمی بورڈزکے فیل ہونے والے طلبہ کے اعدادوشمارکے نتیجے میں کیاگیا ہے،این ای ڈی کے رجحان ٹیسٹ میں گزشتہ اوررواں برس اے ون گریڈ کے حامل طلبہ بھی فیل ہوگئے تھے، دریں اثناء جامعہ کراچی کے داخلوں کے سلسلے میں ''پراسپیکٹس''( داخلہ کتابچے )کی تیاری کے سلسلے میں کمیٹی کا اجلاس پروفیسرڈاکٹرخالد عراقی کی زیرصدارت منعقدہوا ، اجلاس کمیٹی کے رکن پروفیسرمطاہرشیخ ،جمیل کاظمی،پروفیسرشکیل احمد،دریہ قاضی اورفرحین زہرہ شریک ہوئیں۔

مقبول خبریں