پاکستان سے سیریز؛ آسٹریلیا کا ٹی20 ٹیم میں ’’آپریشن کلین اپ‘‘

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 9 اکتوبر 2019
ورلڈ کپ کے پیش نظر7کھلاڑی فارغ،اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی
فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کے پیش نظر7کھلاڑی فارغ،اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی فوٹو: فائل

سڈنی:  آسٹریلیا نے ٹی 20 اسکواڈ میں ’’آپریشن کلین اپ‘‘ کر دیا ورلڈ کپ کے پیش نظر اس طرز کی آخری سیریز کھیلنے والے 7 کھلاڑیوں کو فارغ کردیا گیا۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا پرفارم کرنے والوں کیلیے ٹیم کے دروازے کھول دیے گئے، پاکستان سے سیریزکیلیے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی ہوگئی، فاسٹ بولر مچل اسٹارک سے پیس اٹیک کو خطرناک بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے آئندہ برس اپنے ملک میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکا اور پاکستان سے سیریز کیلیے 14 رکنی اسکواڈ میں کئی تبدیلیاں کی ہیں۔

حالیہ ایشز سیریز کے بہترین کھلاڑی اسٹیون اسمتھ کی واپسی ہوگئی، وہ 3 برس سے زائد عرصے کے بعد ٹی 20 یونٹ میں لوٹیں گے، ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں بہترین پرفارم کرنے والے 30 سالہ اسمتھ نے 30 ٹی 20 میچز میں 21.55 کی اوسط سے 431  رنزاسکور کیے اور وہ ان اعدادوشمار کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ نیشنل سلیکٹر ٹریور ہونز نے کہاکہ تقریباً ایک برس بعد ہمیں ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا ہے۔

اسی لیے اسمتھ اور وارنر سمیت ایسے پلیئرز کا انتخاب کیا جو میگا ایونٹ میں اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔ رواں برس کے آغاز پر بھارت سے ٹی 20 سیریز کا حصہ رہنے والے مارکس اسٹوئنس، شان مارش، ڈی آرسی شارٹ، جھے رچرڈسن، پیٹر ہینڈکومب، ناتھن کولٹرنیل اور ناتھن لیون کو ڈراپ کردیا گیا، کمر کی سرجری کرانے والے فاسٹ بولر جیسن بہرنڈروف بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

بلی اسٹینلیک، بین میکڈرمٹ اور کین رچرڈسن کی ڈومیسٹک سطح پر اچھی پرفارمنس کی وجہ سے واپسی ہوئی ہے۔ اسکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، ایشٹون ایگر، الیکس کیری، پیٹ کمنز، گلین میکسویل، بین میک ڈرمٹ، کین رچرڈسن، اسٹیو اسمتھ، بلی اسٹینلیک، مچل اسٹارک، ایشٹون ٹرنر، اینڈریو ٹائی، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زامپا شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔