نڈال کی نگاہیں شنگھائی ماسٹرزمیں فتح سے ریکارڈ پر مرکوز

اسپینش اسٹارکے پاس سیزن میں6 ٹرافیزجیت کرجوکووک سے آگے نکلنے کا موقع


AFP/Sports Desk October 08, 2013
نڈال کیریئرمیں تیسری مرتبہ سیزن کا اختتام بطور نمبرون پلیئر کرنے کی بھی آرزو رکھتے ہیں۔فوٹو:فائل

نئے ورلڈ نمبرون پلیئر رافیل نڈال کی نگاہیں شنگھائی ماسٹرز جیت کر ریکارڈ پر مرکوز ہیں، وہ ایک سیزن میں6 ماسٹرز ٹرافیاں جیت کر جوکووک کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

اسپینش اسٹار نے رواں برس اگست میں سنسناٹی ماسٹرز اپنے نام کر کے سرب پلیئر کے سیزن میں پانچ ماسٹرز ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ برابر کیا تھا، نڈال کیریئرمیں تیسری مرتبہ سیزن کا اختتام بطور نمبرون پلیئر کرنے کی بھی آرزو رکھتے ہیں، اس سے قبل وہ 2008 اور 2010 میں بھی ایسا کر چکے ہیں، شنگھائی ماسٹرز میں ان کے دیرینہ حریف راجرفیڈرر بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے، وہ موجودہ سیزن میں اب تک خاص پرفارم نہیں کرپائے ہیں، یقینی طور پر سوئس اسٹار بھی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے ساکھ بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔



سات ماہ کی انجری کے بعد نڈال رواں برس فروری میں واپس آئے، تب سے ان کیلیے حالات انتہائی موافق رہے ہیں، وہ فرنچ اور یوایس اوپن کی صورت میں2گرینڈ سلم ٹرافیز بھی اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے، اتوار کو چائنا اوپن کے فائنل میں انھیں نووک جوکووک کے ہاتھوں شکست ہوئی لیکن اس سے قبل وہ ایونٹ کے فائنل میں رسائی پر ان کی جگہ نمبرون پوزیشن پر قبضہ یقینی بناچکے تھے، نڈال کا کہنا ہے کہ سیزن کا اختتام بطور نمبرون پلیئر کرنے کا ہدف میرے لیے شنگھائی میں بہترین کارکردگی پیش کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

اگر میں ایسا کرپایا تو یہ میرے لیے اہم کامیابی ہوگی کیونکہ رواں برس میرے لیے واقعی بہت شاندار رہا، نڈال اب تک سیزن میں مجموعی طور پر 10 ٹائٹلز جیت چکے، دوسری جانب راجرفیڈرر کو سیزن کے اختتامی اے ٹی پی فائنل ایونٹ سے بھی باہر ہونے کا خطرہ درپیش ہے،اس سے بچنے کیلیے شنگھائی میں ٹائٹل جیتنا بہت اہم ہوگا، فیڈرر حالیہ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں، وہ رواں برس صرف ایک ٹائٹل ہی اپنے نام کرپائے اور چاروں میں سے کسی بھی گرینڈ سلم کے فائنل میں نہیں پہنچ سکے۔

مقبول خبریں