اے این پی کا جے یو آئی کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان

لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے پر بذات خود اس میں شرکت کروں گا، سربراہ اے این پی


ویب ڈیسک October 11, 2019
اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ اور نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، اسفندیارولی فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ جب اسلام آباد پہنچ جائے گا تو میں بذات خود اس میں شرکت کروں گا، اگر سیاسی کارکنان کا راستہ روکا گیا یا تشدد ہوا تو وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا جوابدہ ہوں گے۔

اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ اور نئے شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، سلیکٹڈ وزیراعظم کے ذریعے اٹھارویں آئینی ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایکشن ان ایڈ سول آرڈیننس مارشل لاء کے مترادف اور آئین کی خلاف ورزی ہے۔

سربراہ اے این پی نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور عوام سے روٹی تک چھین لی گئی ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 7 فیصدمزید مہنگائی کی پیشگوئی ملک کیلئے خطرے سے کم نہیں، اور دوسری جانب سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، چئیرمین نیب کو نہ ہی خیبرپختونخوا میں بی آر ٹی نظر آرہی ہے نہ بلین ٹری پراجیکٹ اور نا ہی مالم جبہ اسکینڈل، لیکن نوازشریف اور آصف زرداری پر نیب کے ذریعے تشدد کیاجارہا ہے۔