گوگل کا ڈوڈل نانا نانی اور دادا دادی کے نام

گوگل نے گرینڈ پیرنٹس ڈے کے موقع پر خوبصورت ڈوڈل کے ذریعے گھر کی بزرگ ہستیوں کو خراج تحسین پیش کیاہے


ویب ڈیسک October 13, 2019
نانا نانی اور دادا دادی کے قومی دن کو امریکا میں 1978 سے منایا جاتا ہے، فوٹوگوگل

گوگل نے نانا نانی اور دادا دادی کے دن کے موقع پر خوبصورت ڈوڈل کے ذریعے گھر کی بزرگ اور شفیق ہستیوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

نانا نانی اور دادا دادی کے قومی دن کو امریکا میں 1978 سے منایا جاتا ہے۔ جب کہ مختلف ممالک میں یہ دن مختلف دنوں میں منایاجاتاہے۔ اس دن بہت سے ممالک میں عام تعطیل بھی ہوتی ہے۔ بہت سے ممالک میں یہ دن دادا دادی اور نانا نانی کے لیے یکساں طور پر منایاجاتا ہے جب کہ کچھ ممالک میں دادا دادی اور نانا نانی کا قومی دن مختلف ایام میں منایاجاتاہے۔

اس دن کی تاریخ کے تانے بانے امریکا سے جڑتے ہیں جب 1969 میں رسل کیپر نے 9 سال کی عمر میں صدر نکسن کو لکھے گئے ایک خط میں مشورہ دیا کہ گرینڈ پیرنٹس کے حوالے سے ایک دن مختص کیا جائے۔ اور 12 جون 1969 کو رسل کو اپنے لکھے گئے خط کے جواب میں ایک اور خط موصول ہوا جو اس وقت کے صدر نکسن کی پرسنل سیکریٹری روز میری ووڈ کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔

روز میری نے خط میں لکھا تھا ڈیئر رسل آپ کا خط بھیجنے کا شکریہ اور گرینڈ پیرنٹس کے حوالے سے قومی دن منانے کے آپ کے مشورے کو ہم سراہتے ہیں لیکن صدر عام طور پر تبلیغات کو خصوصی طور پر منانے کے لیے مخصوص مدت کے لیے اس وقت اعلانات جاری کرتے ہیں جب کانگریس کی قرارداد انہیں ایسا کرنے کی اجازت دیتی ہے، ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

1973 میں سینیٹر جیننگز رینڈولف نے سینیٹ میں دادا دادی اور نانا نانی کا دن منانے کے حوالے سے قرار داد پیش کی جس کے بعد مغربی ورجینیا کے گورنر آرک مورے نے ریاست میں گرینڈ پیرنٹس ڈے کو منانے کا اعلان کیا۔

برازیل میں یہ دن 26 جولائی کو منایاجاتاہے۔ ایسٹونیا میں گرینڈ پیرنٹس ڈے ستمبر کے دوسرے اتوار کو منایاجاتاہے۔ فرانس میں دادا دادی اور نانا نانی کا دن منانے کا آغاز 1987 میں ہوا تھا اور یہ دن وہاں ہر سال مارچ کے پہلے اتوار کو منایاجاتا ہے۔ جب کہ جرمنی میں اکتوبر کے دوسرے اتوار کو گرینڈ پیرنٹس ڈے منایا جاتا ہے۔