گارے سے انسانوں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے بنانے والا فنکار

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2019
چین کی سڑکوں پر راہ گیروں کے مجسمے منٹوں میں بنانے والا عظیم فنکار ان دونوں سوشل میڈیا پر مقبول ہورہاہے۔ فوٹو: فائل

چین کی سڑکوں پر راہ گیروں کے مجسمے منٹوں میں بنانے والا عظیم فنکار ان دونوں سوشل میڈیا پر مقبول ہورہاہے۔ فوٹو: فائل

ہونان: اس وقت سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہے۔ اس میں ایک فنکار راہ گیروں کے حقیقت سے بھرپور مجسمے اور پتلے بنارہا ہے جو چکنی مٹی کے گارے سے بنائے جاتے ہیں۔

اس فنکار کا نام یان جونائی ہے جو چین کے شہر چنگشا کی ایک سڑک کے کنارے بیٹھا رہتا ہے اور گارے سے راہ گیروں کے مجسمے بناکر انہیں حیران کررہا ہے۔ اس کے جادوئی ہاتھ اور فن کو دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں۔ اس کہنہ مشق فنکار کی ویڈیو دیکھ کر لوگ انگشت بدنداں رہ گئے ہیں۔

سب سے پہلے ان کی ویڈیو چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ سی جی ٹی این پر پوسٹ کی گھی تھی جس میں وہ چکنی مٹی کے ٹکڑوں سے انسانی سر اور مجسمے بناتے دکھائی دیئے۔ وہ آنکھوں سے لے کر ہونٹوں تک کی باریک جزئیات کو اتنی عمدگی سے بناتے ہیں کہ دیکھنے والا حیران رہ جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مجسمہ تراشی میں وہ صرف اپنے ہاتھ استعمال کرتے ہیں اورایک چھوٹی سی چھری سے اپنے فن کا جادو جگاتے ہیں۔

یان جونائی کا خاندان پانچ نسلوں سے سنگ تراشی کرتا آرہا ہے اور انہوں نے یہ علم صرف آٹھ سال کی عمر سے حاصل کرنا شروع کیا۔ اب سے ایک سال قبل انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کی حقیقی جسامت کا ایک نمونہ بنایا تھا جس کے بعد ان کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی تھی۔ لیکن اب چکنی مٹی سے بنائے گئے ان کے مجسمے اس سے زیادہ خوبصورت اور حقیقی دکھائی دیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔