یورپی ملک موناکو دنیا کی مہنگی ترین رہائش گاہوں کا مرکز سمجھا جاتا ہے اور حال ہی میں اس یورپی ریاست میں انتہائی مہنگا اپارٹمنٹ فروخت کر کے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔
سسٹم کیپیٹل منیجمنٹ (جو یوکرین کے امیر ترین شخص ریناٹ اخمیٹوف کی ملکیت ہے) نے لے رینزو عمارت میں موجود ایک شاندار 21 کمروں پر مشتمل پینٹ ہاؤس کو 55 کروڑ 40 لاکھ ڈالر میں خرید لیا۔
دنیا کا یہ مہنگا ترین اپارٹمنٹ پانچ منزلوں پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا رقبہ 26 ہزار 900 مربع فٹ سے بھی زیادہ ہے۔ یہ خصوصی عمارت موناکو کے ساحلِ سمندر کے بالکل کنارے پر واقع ہے، جہاں سے بحیرۂ روم کے دلکش مناظر صاف دکھائی دیتے ہیں۔
اس پینٹ ہاؤس میں 21 عالی شان کمرے، 8 خصوصی پارکنگ اسپیس، بحیرۂ روم کے براہِ راست نظاروں والی کئی وسیع ٹیرس، نجی سوئمنگ پول اور جکوزی، پریمیم فرنیچر اور جدید ترین اسمارٹ ہوم آٹومیشن ٹیکنالوجی جیسی پُر تعیش سہولیات موجود ہیں۔
واضح رہے موناکو (جو ویٹیکن کے بعد یورپ کی سب سے چھوٹی خودمختار ریاست ہے) پہلے ہی دنیا کی مہنگی ترین رئیل اسٹیٹ مارکیٹس میں شمار ہوتا ہے، جہاں گزشتہ سال فی مربع میٹر قیمت 82 ہزار 300 ڈالر سے بھی تجاوز کر گئی تھی۔