بھارت کی ریاست راجستھان میں پشکر کا مشہور مویشی میلہ 24 نومبر 2026 کو اختتام پذیر ہو گیا لیکن میلے کی ایک غیر معمولی مہمان بھینس اب بھی سوشل میڈیا اور خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔
پنکی نامی اس بھینس کا قد محض دو فٹ ہے جس کی وجہ سے وہ میلے میں آنے والے ہزاروں افراد کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گئی۔
تقریباً تین سالہ پنکی کو اس کے مالک اور مویشیوں کے شوقین سہیل شکیل مہاراشٹر کے شہر تھانے سے پشکر لائے تھے۔ اس سفر کے دوران تقریباً 1100 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا۔
میلے میں عام طور پر بڑے جسامت کے مویشی توجہ حاصل کرتے ہیں لیکن پنکی اپنے غیر معمولی چھوٹے قد کے باعث سب سے منفرد دکھائی دی۔ بھارت سمیت مختلف ممالک سے آنے والے سیاح اسے دیکھنے کے لیے جمع ہوتے رہے۔
بچے ہوں یا بڑے، ہر کوئی پنکی کو قریب سے دیکھنے اور اس کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنانے کا خواہش مند نظر آیا۔
پنکی کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں، جس کے باعث میلے کے اختتام کے بعد بھی اس کی مقبولیت برقرار ہے اور وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
پنکی کا قد ہی نہیں بلکہ اس کی اندازاً قیمت بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں اس کی ممکنہ قیمت 20 لاکھ سے ایک کروڑ بھارتی روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔