چین: الیکٹرک گاڑی ساری رات پارکنگ کی 868 کوششیں کرتی رہی، دلچسپ ویڈیو وائرل

ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے


ویب ڈیسک November 24, 2026

چین میں ایک الیکٹرک گاڑی نے رات بھر خود کو پارک کرنے کی 868 مرتبہ کوشش کر کے سیکیورٹی گارڈ سمیت سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ چین کے صوبے انہوئی کی ایک بیسمنٹ پارکنگ میں رات تقریباً 3 بجے پیش آیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں گاڑی کو بار بار آگے پیچھے ہوتے اور اپنی جگہ درست کرتے دیکھا گیا۔ غیر معمولی آوازیں سن کر سیکیورٹی گارڈ موقع پر پہنچا تو گاڑی میں کسی کو موجود نہ پا کر حیران رہ گیا۔

گاڑی کے مالک کے مطابق سسٹم ریکارڈ سے معلوم ہوا کہ رات بھر خودکار پارکنگ کا فیچر 868 مرتبہ فعال ہوا۔

بعض رپورٹس میں اسے سافٹ ویئر کی خرابی قرار دیا گیا جبکہ دیگر میں مالک کی جانب سے موبائل ایپ کے ذریعے بار بار پارکنگ فیچر استعمال کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

ویڈیو وائرل ہونے پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے مذاق کرتے ہوئے لکھا کہ اب گاڑی کو بھی او سی ڈی ہو گیا ہے، انسان کہاں جائیں؟