براہ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر کے بچے کی دبنگ انٹری، ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  ہفتہ 12 اکتوبر 2019
بچہ اسٹوڈیو میں داخل ہوگیا اور کیمرے کے سامنے سے ماں کو متوجہ کرتا رہا (فوٹو : اسکرین گریب)

بچہ اسٹوڈیو میں داخل ہوگیا اور کیمرے کے سامنے سے ماں کو متوجہ کرتا رہا (فوٹو : اسکرین گریب)

 واشنگٹن: امریکی نیوز چینل ‘این بی سی’ کی معروف اینکر کورٹنی کیوب بریکنگ نیوز پڑھ رہی تھیں کہ اس دوران ان کا بیٹا لائیو نشر ہونے سے بے نیاز معصوم حرکتیں کرتا کیمرے کے سامنے آگیا اور یوں ساری دنیا کو بریکنگ نیوز دینے والی اینکر خود ایک دلچسپ خبر بن گئیں۔ 

نیوز چینل میں براہ راست نشریات میں بریکنگ نیوز پڑھنے کا مرحلہ نہایت ذمہ داری کا متقاضی ہوتا ہے، تناؤ بھرے ان لمحات میں نیوز پڑھنے کے دوران کسی بھی قسم کی غلطی سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کی جاتی ہے تاہم کبھی کبھی ایسی انہونی ہوجاتی ہے جو خود ایک خبر بن جاتی ہے۔

ایسا ہی کچھ امریکی نیوز چینل کی اینکر کورٹنی کیوب کے ساتھ پیش آیا، شام میں ترک فوج کی پیش قدمی اور کرد جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ سے متعلق بڑی بریکنگ نیوز پڑھنے کے دوران ان کا بیٹا اچانک کیمرے کے سامنے آگیا اور جسے وہ پیچھے ہٹانے کی کوشش کرتی رہیں لیکن بچہ بھی پھر بچہ تھا۔ ماں کو احتیاطوں کو نظر انداز کرتے ہوئے والدہ کے چہرے کو ہاتھ لگا کر اپنی جانب متوجہ کرتا رہا۔

بچے کی معصوم حرکات اور والدہ کی پروفیشنل ذمہ داریوں کو نبھاتے رہنے کی کشمکش کو ناظرین نے براہ راست ٹیلی وژن پر دیکھا اور بچے کی معصوم حرکات سے محظوظ ہوتے رہے۔ اینکر کیوب نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ بعض اوقات بریکنگ نیوز دیتے ہوئے غیر متوقع طور پر آپ خود خبر بن جاتے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔