اداکارہ اشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر شدید تنقید کا سامنا

ویب ڈیسک  پير 14 اکتوبر 2019
ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں، سوشل میڈیا صارفین کا اداکارہ سے مطالبہ (فوٹو: فائل)

ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں، سوشل میڈیا صارفین کا اداکارہ سے مطالبہ (فوٹو: فائل)

 کراچی: اداکارہ اُشنا شاہ کو پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اُشنا شاہ نے ٹویٹر پر پیزا ڈلیوری بوائے کی تضحیک پر مشتمل اپنی ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے رات گئے پیزے کا آرڈر دیا اورجب پیزا ڈلیوری بوائے نے گھر کی گھنٹی بجائی تو اس وقت میرے ہاتھوں میں میری پالتو کتیا تھی جسے لڑکا دیکھ کر خوف زدہ ہوگیا اوراندر آنے سے انکار کردیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب لڑکے نے اندر آنے سے انکار کیا تو میں نے صنفی امتیاز پر مشتمل گفتگو کرتے ہوئے لڑکے سے کہا کہ مرد بنیں کیوں کہ آپ چار سال کی بچی نہیں ہیں اس لیے مردانگی پیدا کریں اور اندر آکر پیزا رکھیں۔

https://twitter.com/ushnashah/status/1183501899804413952

اشنا شاہ نے اپنی دوسری ٹویٹ میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید بتایا کہ اگر وہ پیزا ڈلیوری بوائے پرسکون انداز سے گھر کے اندر آجاتا تو میری کتیا (پٹ بل) اسے صرف سونگھتی اور پھر پیار کرتی۔

اشنا شاہ کی جانب سے خود بیان کیے جانے والے اس تضحیک آمیز رویے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ عطیہ عباس نامی خاتون نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کی طبیعت ٹھیک ہے؟ آپ نے فوڈ سروس انڈسٹری سے وابستہ ایسے شخص کی تضحیک کی ہے جنہیں زیادہ کام کرنے کے باوجود کم تنخواہ ملتی ہے، آپ کو شرم آنی چاہیے۔

علی نامی صارف نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بہت فخر کی بات ہے، آسکر ایوارڈ کہاں لینا پسند کریں گی؟

اعصام احمد نے کہا کہ کہانی کا دوسرا حصہ تو یہ ہونا چاہیے کہ آپ اس ڈلیوری بوائے کو تلاش کریں اور اس سے معذرت کریں تاکہ دوبارہ اس طرح کی حرکت نہ ہو اور آئندہ کسی کو بھی اپنے خون خوار کتے کا نشانہ نہ بنائیں۔

صارفین کی جانب سے تنقید کیے جانے پر اُشنا شاہ نے ندامت کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیزا بوائے سے متعلق بات پر ہر کوئی رو رہا ہے، سچ تو یہ ہے کہ میں کتیا کو ہاتھ میں اُٹھائی ہوئی تھی اور ڈلیوری بوائے نے اندر آنے سے انکار کردیا تھا ۔ ابتدائی دس منٹ تک میں یہی کہتی رہی کہ میرا وعدہ ہے کچھ نہیں ہوگا میں نے کتیا کو پکڑا ہوا ہے اس لیے گزر جائیں، بہادر بنیں شاباش لیکن وہ اندر نہیں آیا۔

https://twitter.com/ushnashah/status/1183662499285131265

اُشنا شاہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس کا حوصلہ بڑھایا پر کام نہیں آیا لیکن جب اس کی مردانگی کو چیلنج کیا تو وہ فوری اندر آگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔