آصف زرداری کی صحت کو پارٹی پر دباؤ کے لیےاستعمال کیاجارہا ہے،بلاول

ویب ڈیسک  منگل 15 اکتوبر 2019
والد کو کچھ ہوا تو حکومت کو ذمہ دار سمجھوں گا، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

والد کو کچھ ہوا تو حکومت کو ذمہ دار سمجھوں گا، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت آصف زرداری کی صحت کو پارٹی پر دباؤ بڑھانے کے لیےاستعمال کررہی ہے۔

آصف زرداری کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست مسترد کئے جانے پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹروں نے آصف زرداری کی صحت سے متعلق متعدد رپورٹس دیں، جن میں آصف زرداری کوجیل میں طبی سہولیات اور اسپتال منتقل کرنے کی سفارشات موجود ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کسی بھی فرد جرم کے بغیر قید آصف زرداری طبی سہولیات کے منتظر ہیں، آصف زرداری کو فریج تک مہیا نہیں کیا گیا تاکہ وہ اپنی انسولین اور دیگردوائیں رکھ سکیں،آصف زرداری کو طبی سہولیات نہ دے کر بنیادی انسانی حق سے محروم کیا جارہا ہے، ریاست میرے والد کی صحت کو پارٹی پر دباؤ بڑھانے کے لیےاستعمال کررہی ہے،اوچھے حکومتی ہتھکنڈوں کے باوجود اصول اور جمہوری جدوجہد پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، میرے والد کو کچھ ہوا تو میں اس حکومت کو ذمہ دار سمجھوں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔