سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا سفارتی پاسپورٹ ضبط
سابق وفاقی وزیر خزانہ جمعرات کی شام امارات ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے تھے.
ایف آئی اے امیگریشن نے سابق وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا سفارتی پاسپورٹ ضبط کرلیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ جمعرات کی شام امارات ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچے تھے، وطن واپسی پر جب انھوں نے اپنا ڈپلومیٹک پاسپورٹ پاکستان آمد کے اندراج کیلیے ایف آئی اے امیگریشن کے حوالے کیا تو امیگریشن حکام نے وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت ان کا سفارتی پاسپورٹ ضبط کرلیا۔
یادرہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت گذشتہ دور حکومت میں جاری کیے گئے 78 سفارتی پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں اور اس سلسلے میں جاری ہونے والا نوٹیفیکیشن چند روز پہلے ہی امیگریشن کی تمام چیک پوسٹوں کو موصول ہوا ہے۔ پاسپورٹ کی منسوخی کے باوجود عبدالحفیظ شیخ اپنا سفارتی پاسپورٹ ہی استعمال کررہے تھے۔
واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے گذشتہ حکومت کی میعاد ختم ہونے سے چند دن قبل ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے تحت وزرا اور دیگر حکومتی شخصیات کو تاحیات سفارتی پاسپورٹ رکھنے کی منظوری دی گئی تھی تاہم موجودہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے رحمن ملک کی ہدایت پر جاری کیے گئے اس نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔